سرینگر؍ یکم اکتوبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج کشمیر میراتھن ’رن فار یونٹی‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اس تقریب میں حصہ لینے والے نوجوانوں کے جوش و جذبے اور توانائی کو سراہا، تمام رنرز کو مبارکباد دی اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے میراتھن کے انعقاد کو سراہا، جو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن، اتحاد اور ترقی کی علامت بن چکی ہے۔
اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’رن فار یونٹی‘ محض رفتار یا برداشت کا مظاہرہ نہیں بلکہ اجتماعی عزم اور یقین کی طاقت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ مل کر آگے بڑھتے ہیں تو کوئی منزل ناممکن نہیں رہتی اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے عزم اور اتحاد انتہائی اہم ہیں۔
سنہا نے کہا، ’’رن فار یونٹی صرف ہمارے قدموں کی رفتار نہیں ہے۔ یہ ہمارے عزم کی رفتار ہے اور اس یقین کی رفتار ہے جو ہمیں بتاتا ہے کہ جب لوگ مل کر چلتے ہیں تو کوئی منزل ناممکن نہیں رہتی۔‘‘
ہندوستان کے تنوع کو اس کی سب سے بڑی شناخت قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ زبان، روایات، کھانے اور لباس میں اختلافات کے باوجود ہندوستان کی دھڑکن ایک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اتحاد ہندوستان کی طاقت ہے اور جب لاکھوں قدم ایک سمت میں آگے بڑھتے ہیں تو بلند ترین پہاڑ بھی عبور کیے جاسکتے ہیں۔
ایل جی نے کہا، ’’کشمیر میراتھن ’رن فار یونٹی‘ کے ذریعے نوجوانوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ متحد ہندوستان کے لیے کوئی مقصد زیادہ دور نہیں ہے۔ تمام رنرز نے یہ پیغام دیا ہے کہ ان کی شرکت ایک مشترکہ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور ان کی دوڑ صرف ان کے لیے نہیں بلکہ جموں و کشمیر کی اس نئی نسل کے لیے بھی ہے جو ایک بہتر ہندوستان کا خواب دیکھتی ہے اور ان نوجوانوں کے لیے بھی ہے جو جموں و کشمیر کو خود کفیل اور ترقی یافتہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، جسمانی صحت اور بھائی چارے کو اپنائیں اور منشیات سے دور رہیں۔ انہوں نے۱۰۰ روزہ ’نشہ مکت جموں و کشمیر مہم‘ کی کامیابی کا ذکر کیا، جس کے ذریعے پدیاترا اور شہری سرگرمیوں کے پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیا۔
ایل جی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ’فٹ انڈیا تحریک‘ کے سفیر بنیں اور ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میراتھن کی حقیقی کامیابی صرف اختتامی لائن عبور کرنے میں نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر مل کر آگے بڑھنے میں ہے۔
سنہا نے کہا، ’’آئیے یہ عزم کریں کہ اگرچہ ہم مختلف راستوں سے آئے ہیں، لیکن ہماری منزل ایک ہے۔ ہماری شناختیں مختلف ہوسکتی ہیں، لیکن ہماری قومی شناخت ایک ہے۔ ہماری رفتار مختلف ہوسکتی ہے، لیکن ہمارا ہندوستان ایک ہے، ناقابلِ تقسیم ہے اور ترقی یافتہ ہندوستان۲۰۴۷ کے عزم کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘
اس سال کشمیر میراتھن ’رن فار یونٹی‘ میں مختلف زمروں میں۶ہزارسے زائد رنرز نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈی جی پی نلن پربھات، اے ڈی جی پی آرمڈ پولیس نتیش کمار، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی ایم کے سنہا، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، ممتاز کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔(ڈی آئی پی آر)










