ماسکو، 22 ستمبر (اسپوتنک/یو این آئی) افغانستان کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے ناظم الامور کو طلب کرکے صوبہ پکتیکا اور کنڑ میں پاکستانی فضائی حملوں کے خلاف احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔
وزارت نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا، ’’یہ حملے افغانستان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں اور ملک ایسے اقدامات کی سخت مذمت کرتا ہے۔‘‘
پاکستانی سفارت کار کے ساتھ ملاقات کے دوران افغان وزارت خارجہ کے ایک نمائندے نے پاکستان میں حالیہ سکیورٹی واقعات کے افغانستان کی سرزمین سے شروع کیے جانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔
وزارت نے مزید کہا کہ ’’اس طرح کے بیانات فوجی کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں اور حقائق کو مسخ کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔‘‘
افغان وزارت خارجہ نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ذمہ داری دوسرے ممالک پر عائد کرنے اور بیرون ملک دشمن تلاش کرنے کے بجائے اپنے داخلی مسائل کے حل اور عدم استحکام کی وجوہات سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرے۔
اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (یو این اے ایم اے) نے تصدیق کی ہے کہ پیر کو صوبہ کنڑ میں ہونے والے فضائی حملوں میں کم از کم تین شہری — ایک مرد، ایک خاتون اور ایک بچی — ہلاک ہوئے۔ مزید چار شہری زخمی ہوئے۔
یو این اے ایم اے کے نمائندوں نے مزید بتایا کہ 2026 کے آغاز سے اب تک افغانستان میں سرحد پار مسلح حملوں کے نتیجے میں 1,100 سے زائد شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔







