سڈنی، 17 ستمبر (یواین آئی) آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ نے کوچنگ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ وہ پہلے ہی آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔
ویڈ گزشتہ سال ہوبارٹ ہریکینز کی جانب سے بی بی ایل میں کھیلنے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کے ساتھ بھی کام کر رہے تھے، تاہم انہوں نے 2026-27 سیزن سے قبل مکمل طور پر کھیل کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ویڈ نے 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اب وہ بی بی ایل کی تاریخ کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہوکر اس ٹورنامنٹ سے رخصت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 2011-12 کے پہلے سیزن میں میلبرن اسٹارز کے لیے شین وارن کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنے بی بی ایل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اسٹارز کے لیے 16 اور میلبرن رینیگیڈز کے لیے 13 میچ کھیلے، جس کے بعد تسمانیہ واپس آکر ہریکینز کے لیے 90 میچوں میں حصہ لیا۔
بی بی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں ویڈ نویں نمبر پر ہیں، جبکہ ڈسمسلز کے معاملے میں وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔ ہریکینز کی جانب سے صرف بین میک ڈرموٹ اور ڈارسی شارٹ نے ان سے زیادہ رنز بنائے ہیں، تاہم ان کے کیریئر کے بہترین اسکور 130 ناٹ آؤٹ سے زیادہ اس ٹیم کے کسی دوسرے بلے باز نے نہیں بنایا۔ اس کے علاوہ 2024-25 میں ہریکینز کو اس کا پہلا بی بی ایل خطاب دلانے میں بھی ویڈ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
ہریکینز کے کوچ جیف وان نے کہا، ’’ویڈ ان کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہیں آپ ہمیشہ اپنی ٹیم میں رکھنا چاہیں گے۔ جب بھی وہ میدان میں اترے، انہوں نے زبردست مقابلہ کیا اور ان میں کھیل کا رخ بہت تیزی سے بدلنے کی صلاحیت تھی۔ تاہم اتنی ہی اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے آس پاس موجود کھلاڑیوں کو کیا سکھایا۔ انہیں کرکٹ کی بہترین سمجھ ہے اور وہ ہمیشہ اپنی معلومات دوسروں کے ساتھ مشترک کرنے اور ساتھی کھلاڑیوں کو بہتر بننے کی ترغیب دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔‘‘





