نئی دہلی، 14 ستمبر (یو این آئی) دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو اور دہلی کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین نے دہلی یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (ڈی یوٹی اے ) کے سابق صدر آدتیہ نارائن مشرا کا پیر کے روز کانگریس میں شامل ہونے پر استقبال کیا۔
آدتیہ نارائن مشرا نے آج یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر 24 اکبر روڈ پر پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم بھی موجود رہے۔
دیویندر یادو نے آدتیہ نارائن مشرا کا کانگریس میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اساتذہ اور طلباء کے درمیان اپنی خاص پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آج ملک اور طلباء کو صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے اور ایسے وقت میں ان کا کانگریس سے جڑنا اہم ہے۔
قاضی نظام الدین نے کہا کہ ملک کا تعلیمی نظام آج سوالوں کے گھیرے میں ہے اور طلباء کو اپنے مطالبات کے لیے سڑکوں پر اترنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ماحول میں آدتیہ نارائن مشرا سمیت متعدد اساتذہ کا کانگریس میں شامل ہونا تعلیم اور طلباء کے مسائل پر پارٹی کی لڑائی کو مضبوط کرے گا۔







