سرینگر؍۸ ستمبر
جموں کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (جے کے اے ایس) کے ایک افسر کی قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ میں تعیناتی واپس لے لی ہے اور گزشتہ ماہ جاری کیے گئے انتظامی حکم نامے کو منسوخ کردیا ہے۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی جانب سے جاری تازہ حکم نامے کے تحت۱۹؍ اگست۲۰۲۶ کے حکومتی ایک حکم نامہ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت جے کے اے ایس افسر بلال احمد میر، جو سب رجسٹرار خانصاحب/بڈگام تھے، کا تبادلہ کرکے انہیں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ میں ڈپٹی سیکریٹری تعینات کیا گیا تھا۔
تازہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ سابقہ حکومتی حکم نامہ ’’ابتدا ہی سے منسوخ تصور کیا جائے گا‘‘، یعنی مذکورہ تعیناتی کو اس کے اجرا کے وقت سے ہی کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
حکم نامہ منسوخ کیے جانے کے بعد جی اے ڈی نے سب رجسٹرار کے دفاتر کے کام کاج کے لیے عبوری انتظام بھی کیا ہے۔
تازہ ہدایت کے مطابق جے کے اے ایس افسر جہانگیر احمد، سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) خانصاحب، اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ سب رجسٹرار خانصاحب اور سب رجسٹرار بڈگام کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔
بلال احمد میر کی اسمبلی سیکریٹریٹ میں سابقہ تعیناتی پر مبینہ طور پر اسمبلی کے عملے اور ارکان کی جانب سے اعتراضات اور احتجاج سامنے آیا تھا۔
بعد ازاں یہ معاملہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ تک پہنچا، جب جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ نے باضابطہ طور پر تعیناتی کے حکم نامے کو واپس لینے کی درخواست کی۔
تازہ حکم نامے کے ساتھ حکومت نے اب۱۹ ؍ اگست کے حکم نامے کو منسوخ کردیا ہے اور افسر کی سابقہ ذمہ داریوں سے متعلق انتظامی بندوبست بحال کردیا ہے۔ اضافی چارج کا یہ انتظام اگلے احکامات تک برقرار رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔ایجنسیاں









