جانتے ہیں صاحب کہ بالی ووڈ کی اس فلم میں بجلی نہیں بلکہ کھڑکی بند رہتی ہے ……. یہ کھڑکی جو بند رہتی ہے، لیکن صاحب ہمارے یہاں کھڑکی نہیں بلکہ بجلی بند رہتی ہے۔ مدتوں سے بند رہتی آئی ہے، لیکن اب کے گرما میں بھی بند رہتی ہے۔گرما میں اس کالم میں ہم بجلی کو ہاتھ تک نہیں لگاتے تھے۔ نہیں صاحب، کرنٹ لگنے کے ڈر کی وجہ سے نہیں، صرف اس لیے کہ اس کی ضرورت نہیں پڑتی تھی ……. حقیقی معنوں میں ہمیں گرما میں 24×7 بجلی دستیاب رہتی تھی، اور ہول سیل میں رہتی تھی۔لیکن صاحب، اب کی بار نہ جانے کس کم بخت کی نظر لگ گئی کہ بجلی کا اتنا بے حال سرما میں نہیں ہوتا ہے جتنا کہ اب کی بار گرما میں ہو رہا ہے …….کیوں ہو رہا ہے؟ ہم نہیں جانتے ہیں، اور جو جانتے ہیں، اللہ میاں کی قسم، وہ سچ نہیں بولیں گے اور اس لیے نہیں بولیں گے کہ انہیں اس کی عادت نہیں ہے ……. سچ کہنے کی عادت نہیں ہے، بالکل بھی نہیں ہے۔آئے روز …….جی ہاں، آئے روز اس بہانے بجلی بند رہتی ہے کہ فلاں فلاں علاقے میں مرمت کے باعث سپلائی ……. بجلی سپلائی منقطع رہے گی۔اور یہ مرمت ہر روز ہوتی رہتی ہے، کم بخت ختم ہونے کا نام نہیں لیتی ہے ……. ایسا کوئی نہیں ہے، کوئی ایسا علاقہ نہیں ہے جہاں ہفتے میں دو تین دن بجلی سپلائی اس مرمت کی نذر نہیں ہو جاتی ہے ……. صبح سے شام تک ہو جاتی ہے۔ہم نہیں جانتے ہیں کہ سچ کیا ہے۔ مرمت واقعی میں ہو رہی ہے یا مرمت کے نام پر وادی کو بجلی سے محروم رکھنے والوں کی مرمت درکار ہے ……. یہ ہم نہیں جانتے ہیں اور اس لیے نہیں جانتے ہیں کہ ……. کہ اکہنے والوں کا کہنا ہے کہ مرمت تو محض ایک بہانہ ہے، اصل میں بجلی کو باہر، کشمیر سے باہر لے جانا ہے، گرما میں لے جانا ہے …….اب صاحب، ایسا ہم نہیں کہہ رہے ہیں۔ کہنے والے ایسا کہہ رہے ہیں اور شاید اس لیے کہہ رہے ہیں کہ مرمت …….اگر مہینے میں ایک دن بھی مرمت کے نام پر بجلی بند رہے تو سمجھ آتا ہے ……. لیکن ہفتے میں دو تین دن بجلی کا بند رہنا واقعی سمجھ سے باہر ہے ……. اسی طرح جس طرح گرما …….اب کے گرما میں بجلی باہر ہے اور اسی لیے یہ بند رہتی ہے …….یہ بجلی جو بند رہتی ہے۔ ہے نا؟
۔۔۔۔۔۔۔۔





