نئی دہلی/۱۹؍ اگست
دہلی پولیس نے ایک پاکستانی شہری کو قومی دارالحکومت میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر قیام کرنے کے الزام میں پرانی دہلی سے حراست میں لیا ہے۔ پولیس ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوا تھا اور دہلی کے ایک ریستوران میں کام کررہا تھا۔ اسے مبینہ غیر قانونی قیام کی تحقیقات کے دوران۱۵؍اگست کو حراست میں لیا گیا۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ اس شخص کی والدہ بنیادی طور پر دہلی کی رہنے والی تھیں، تاہم انہوں نے ایک پاکستانی شہری سے شادی کی اور بعد میں پاکستانی شہریت حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق دہلی پولیس اور مرکزی ایجنسیوں نے ملزم سے تفصیلی پوچھ گچھ کی تاکہ اس کے پس منظر اور سرگرمیوں کا پتہ لگایا جاسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ اب تک کی پوچھ گچھ کے دوران دہشت گردی سے متعلق کوئی پہلو سامنے نہیں آیا ہے۔
پوچھ گچھ کے بعد مذکورہ شخص کو فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس کے حوالے کردیا گیا، جہاں اسے پاکستان واپس بھیجنے کے لیے ملک بدری کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ایجنسیاں بھارت میں اس کے داخلے سے متعلق تفصیلات کی بھی تصدیق کررہی ہیں۔ (ایجنسیاں)
۔۔۔۔۔۔
ایجنسیاں









