نئی دہلی/حیدرآباد، 13 اگست (یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر کھیل واکیتی شری ہری نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے کھیلو انڈیا گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں کرلی ہیں اور ریاست اعلیٰ معیار کے ساتھ ان کھیلوں کی میزبانی کرے گی۔
شری ہری نے جمعرات کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تلنگانہ کے کھیلوں کے امور کے مشیر اے پی جتیندر ریڈی اور تلنگانہ اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین کے شیو سینا ریڈی بھی موجود تھے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شری ہری نے تلنگانہ کو کھیلو انڈیا گیمز کی میزبانی سونپنے پر وزیراعظم نریندر مودی اور ڈاکٹر مانڈویہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کی جانب سے دعوت نامہ بھی پیش کیا اور بتایا کہ یہ کھیل تلنگانہ میں 11 سے 22 دسمبر تک منعقد ہوں گے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شری ہری نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے وسیع منصوبہ بندی کرلی ہے اور انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کو ذاتی طور پر مدعو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نئی کھیل پالیسی کے ذریعے کھیلوں کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جس میں دیہی علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت اور ان کی حوصلہ افزائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے تلنگانہ کھیلو انڈیا گیمز کی کامیاب میزبانی کرے گا اور کھیلوں کے میدان میں ریاست کی ساکھ کو مزید مضبوط کرے گا۔



