ڈارون، 13 اگست (یواین آئی) آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیون اسمتھ نے اعتراف کیا کہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن انہیں لگا تھا کہ عبادت حسین کی گیند پر ان کے بلے کا کنارہ لگا ہے، تاہم ڈی آر ایس میں فلیٹ لائن آنے کے بعد وہ آؤٹ ہونے سے بچ گئے اور 71 رنز کی اننگز کھیلی۔
21ویں اوور میں لنچ سے کچھ دیر قبل اسمتھ نے عبادت حسین کی گیند کو کھیلنے کی کوشش کی اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے فوراً اپیل کی، تاہم امپائر کمار دھرماسینا نے اپیل مسترد کردی۔ نجم الحسن شانتو نے ریویو لیا اور اسمتھ پویلین کی جانب چل پڑے تھے، لیکن ری پلے میں کوئی اسپائک نظر نہیں آیا۔
اسمتھ سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہیں لگا تھا کہ گیند ان کے بلے سے لگی ہے تو انہوں نے کہا، ”میرے خیال میں ہاں۔ میں خوش قسمت تھا، شاید ایسا ہی ہے۔ کبھی کبھی آپ کو قسمت کا ساتھ بھی مل جاتا ہے۔”
گزشتہ سیزن کی ایشز سیریز میں بھی آسٹریلیا میں ڈی آر ایس کے تحت استعمال ہونے والی ریئل ٹائم سنِکو ٹیکنالوجی کو لے کر کئی تنازعات سامنے آئے تھے، تاہم اسمتھ کے معاملے میں ری پلے پر فلیٹ لائن دکھائی دی۔
اسمتھ نے کہا، ”عام طور پر ٹیکنالوجی کافی اچھی ہوتی ہے۔ شاید گیند میرے بلے سے نہیں لگی ہو، مجھے نہیں معلوم، لیکن مجھے یقینی طور پر کچھ محسوس ہوا تھا۔ اگر مجھے آؤٹ قرار دیا جاتا تو میں میدان سے باہر چلا جاتا۔ لیکن آج ٹیکنالوجی نے مجھے بچا لیا۔”
اسمتھ کی اننگز کا آغاز بھی خوش آئند رہا۔ دو رنز کے انفرادی اسکور پر انہیں تیسری سلپ میں تنزید حسن نے کیچ چھوڑ کر ایک اور موقع دیا تھا۔ اسمتھ نے بعد میں فاکس کرکٹ کو بتایا کہ ابتدائی 30 گیندوں کے دوران انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ بلّا پکڑنا ہی بھول گئے ہوں۔
تاہم اس کے بعد اسمتھ نے خود کو سنبھالا اور 71 رنز بنا کر آسٹریلیا کے واحد نمایاں بلے باز ثابت ہوئے۔ آسٹریلوی ٹیم 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اسمتھ حسن محمود کی پانچویں وکٹ بنے، جب انہوں نے ناتھن لیون کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش میں گیند کو ہوا میں بلند کردیا۔
بنگلہ دیش واحد ایسی ٹیسٹ ٹیم ہے جس کے خلاف اسمتھ نے اب تک سنچری نہیں بنائی ہے، اگرچہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ان کا صرف تیسرا مقابلہ ہے۔





