نئی دہلی، 11اگست (یو این آئی) سنگلز اور ڈبلز میں ملک کے ٹاپ رینک والے کھلاڑی سومیت ناگل اور یوکی بھامبری کو پیر کو جنوبی کوریا کے خلاف اگلے مہینے ہونے والے ڈیوِس کپ 2026 کوالیفائر کے دوسرے دور کے مقابلے کے لیے ہندوستانی ٹینس ٹیم میں شامل کیا گیا۔
یہ مقابلہ 18 اور 19 ستمبر کو سیول کے اولمپک ٹینس سینٹر کے ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ جیتنے والی ٹیم نومبر میں اٹلی کے بولونا میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے ’فائنل 8‘ مرحلے میں پہنچے گی۔ 235ویں رینکنگ والے سومیت ناگل، دکشنیشور سریش اور مانس دھامنے کے ساتھ ہندوستان کی سنگلز چیلنج کی قیادت کریں گے۔
سریش 393ویں مقام پر ہیں، جبکہ ہندوستان کے نمبر 2 کھلاڑی دھامنے 362ویں مقام پر ہیں اور انہیں پہلی بار ڈیوِس کپ ٹینس ٹیم میں بلایا گیا ہے۔ ڈبلز میں 28ویں رینکنگ والے بھامبری کے، 57ویں رینکنگ والے این شری رام بالاجی کے ساتھ جوڑی بنانے کی امید ہے۔
ٹیم میں اس اہم گروپ کو برقرار رکھا گیا ہے جس نے بنگلورو میں 2026 ڈیوِس کپ کوالیفائر کے ابتدائی دور میں ہندوستان کو نیدرلینڈز کے خلاف 3-2 سے جیت دلانے میں مدد کی تھی۔ اس جیت میں سریش کا اہم رول تھا؛ انہوں نے ہندوستان کی تینوں جیتوں میں اپنا تعاون دیا۔ انہوں نے پہلے دن دوسرے سنگلز میچ میں دنیا کے نمبر 88 کھلاڑی جیسپر ڈی جونگ کو ہرایا اور پھر دوسرے دن ڈبلز میں بھامبری کے ساتھ مل کر جیت حاصل کی۔ اس کے بعد سریش نے فیصلہ کن پانچویں میچ میں گائے ڈین اوڈن کو ہراکر ہندوستان کی دوسرے دور میں جگہ پکی کی۔
سدھارتھ راوت کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ارنب پاپڑکر کو اضافی ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
سیول میں ہونے والا یہ مقابلہ 2019 میں موجودہ فارمیٹ نافذ ہونے کے بعد سے ڈیوِس کپ کوالیفائر کے دوسرے راؤنڈ میں ہندوستان کی پہلی موجودگی ہوگی۔ ہندوستان موجودہ فارمیٹ کے تحت پہلی بار ’فائنل 8‘ میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گا۔



