سرینگر//
سرینگر کے رعنا واری علاقے میں جمعے کی شب آگ کی ایک واردات میں تین منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہونے سے چار کنبے بے گھر ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رعناواری کے ہزاری بازار علاقے میں جمعے کی شب قریب ساڑھے بارہ بجے ایک تین منزلہ مکان سے آگ نمو دار ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ آگ نمودار ہوتے ہی مقامی لوگوں نے فائر ٹنڈرس کو مطلع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ کے شعلوں کو مزید پھیلنے سے روک دیا لیکن ایک تین منزلہ مکان کو خاکستر ہونے سے نہ بچا سکے ۔ آگ کی اس واردات نے چار کنبوں کو بے گھر کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس مکان میں فاروق احمد شاہ، نذیر احمد شاہ، غلام رسول شاہ اور نور محمد شاہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے ۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ آگ کی اس ورادات سے ان کا سب کچھ خاک کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پاس اب سر چھپانے کیلئے جگہ ہے نہ زندگی گذرانے کیلئے کوئی ساز و سامان ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مکان گنجان بستی میں واقع ہونے کے باوجود فائر ٹنڈرس نے سخت محنت کرکے آگ کو قابو میں کر لیا اور اس کے شعلوں کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم اس واردات میں کسی قسم کی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔