نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) نائجیریا کے لاگوس میں جاری انڈر-23 کامن ویلتھ فینسنگ چیمپئن شپ میں ہندستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دن 17 تمغے حاصل کیے۔
اتوار سے شروع ہوئی یہ چیمپئن شپ 14 اگست تک جاری رہے گی۔ ہندستانی دستے نے مردوں اور خواتین کے انفرادی مقابلے (سیبر، فائل اور ایپی) میں چار سونے، چار چاندی اور نو کانسے کے تمغے جیتے ہیں۔ مردوں کے سیبر انفرادی مقابلے میں تمغہ جیتنے والوں میں نکھل واگھ، لکشیا بڈسیر، اشونی آرین اور لیشرام مورامبا شامل تھے۔ ہندستان نے مردوں کے سیبر مقابلے میں کلین سویپ کیا۔ مردوں کے فائل مقابلے میں ہندستان کے تمغہ حاصل کرنے والوں میں تیجس پاٹل شامل تھے، جبکہ مردوں کے ایپی مقابلے میں لوکیش ویمانی، اشونی آریا اور گاڈوین اینکبیس نے تمغے حاصل کیے۔
وہیں، خواتین کے زمرے میں جوائس اشیتا اور کناگلکشمی نے فائل مقابلے میں تمغے جیتے شمار ہیں۔ جوائس اشیتا اور کناگلکشمی نے شاندار سونے اور چاندی کے تمغے اپنے نام کیے۔ خواتین کے ایپی مقابلے میں پراچی لوہان، نویدھیا نائر اور انوپریا نے ملک کے لیے تمغے حاصل کیے۔ خواتین کے سیبر مقابلے میں جیفرلین، آخری اور شریا گپتا نے سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
ہندستانی فینسنگ ایسوسی ایشن کے چیف سکریٹری راجیو مہتا نے دستے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "ہمارا مقصد نوجوان ہندستانی فینسرز کے لیے بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے اور انہیں سینئر سرکٹ اور بڑی چیمپئن شپ کے لیے تیار کرنا ہے۔ یہ کامیابییں مستقبل کے لیے ایک مضبوط اور زیادہ مسابقتی ہندستانی فینسنگ ٹیم بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہیں۔” انہوں نے ہندستان کی شاندار کارکردگی میں تعاون اور لگن کے لیے تمام تمغہ جیتنے والوں، کوچز، سپورٹ اسٹاف اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔


