لندن// کاؤنٹی چیمپئن شپ کے رواں سیزن میں اپنی تیسری ڈبل سنچری بنا کر ہندوستانی بلے باز چیتشور پجارا نےتاریخ کے اوراق میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوایا ہے۔
میچ کے دوسرے دن 200 رن مکمل کرتے ہی پجارا لارڈز میں مڈل سیکس کے خلاف سسیکس کے لیے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ ان سے پہلے صرف کرنل شری رنجیت سنگھ جی وبھاجی II نے 125 سال قبل لارڈز میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ تاہم یہ میچ میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے خلاف کھیلا گیا۔
پجارا سے پہلے بریڈ ہوج نے 2004 میں ایک سیزن میں تین ڈبل سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اس کے علاوہ پجارا 1904 کے بعد ایک سیزن میں تین اننگز میں 200 سے زیادہ رنز بنانے والے سسیکس کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ پہلے دن بنائے 115 رنوں سے اپنی اننگ کو آگے بڑھاتے ہوئے، پجارا نے صبر کا مظاہرہ کیا اورکلاسیکی انداز میں ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کی۔ اپنے درست اسٹروک کے ساتھ انہوں نے ایک گرم دوپہر میں مخالف گیند بازوں کے پسینے چھڑائے۔
تقریباً نو گھنٹے کریز پر گزارنے کے بعد پجارا آخر کار آؤٹ ہو گئے۔ تاہم پویلین جانے سے قبل انہوں نے ٹیم کے اسکور کو 523 پر پہنچایا جو سسیکس کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ پجارا نے جہاں ایک بار پھر سب کو متاثر کیا وہیں تیز گیند باز امیش یادو اپنی چھاپ نہیں چھوڑ سکے۔ 29 اوورز کرنے کے باوجود انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔
لنکاشائر کے لیے اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے واشنگٹن سندر نے پہلے دن چار وکٹیں لینے کے بعد بدھ کو پانچواں شکار کیا۔ انہوں نے نصف سنچری بناکر کھیل رہے وکٹ کیپر لوئس میک میگنس کو کیٹن جیننگز کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ ان پانچ وکٹوں کے لیے سندر کو مجموعی طور پر 22 اوور گیندبازی کرنی پڑی۔
تاہم گیند کے ساتھ کمال کرنے والے سندر بلے سے زیادہ کچھ نہ کر سکے۔ وہ نو گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد فاسٹ بولر جیک وائٹ کا پانچواں شکار بنے۔ سندر نے اپنی پہلی کاؤنٹی اننگ میں صرف دو رنز بنائے۔ نارتھمپٹن شائر کو 235 تک محدود کرنے کے بعد لنکاشائر صرف 132 رنز پر سمٹ گئی اور اب اسے واپسی کرنے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔
سندر کے بعد ایک اور ہندوستانی گیند باز نے ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کینٹ کے لیے کھیلتے ہوئے تیز گیند باز نودیپ سینی نے اپنی رفتار اور سوئنگ سے وارکشائر کے بلے بازوں کو پریشان کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پانچ میں سے چار بلے بازوں کو وکٹ کیپر سیم بلنگز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کینٹ نے دوسرے دن کے بعد 138 رنوں کی برتری حاصل کرلی ہے اور سینی دوسری اننگ میں بھی گیند کے ساتھ دھوم مچانا چاہیں گے۔