ریاستی درجے کی بحالی‘معیشت اور سیاحت کے امور اٹھائے
ویب ڈیسک
سرینگر؍۱۱جون
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ ‘عمر عبداللہ نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں ریاستی درجہ کی جلد بحالی، اقتصادی صورتحال، ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار اور سیاحت کے فروغ سے متعلق معاملات شامل تھے۔
ملاقات کے بعد عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر سے متعلق کئی اہم مسائل وزیر اعظم کے سامنے رکھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’میں نے معزز وزیر اعظم نریندر مودی جی سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں ریاستی درجہ کی جلد بحالی، معیشت کی صورتحال، ترقیاتی کاموں کی رفتار اور سیاحت کے فروغ کے معاملات شامل تھے‘‘۔
عمرعبداللہ نے اس موقع پر وزیر اعظم کو مسلسل۱۲ سال تک اقتدار میں رہنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور اسے بھارتی سیاست میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
اس سلسلے میں جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے ریاستی درجہ کی جلد بحالی کی خواہشات وزیر اعظم کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، عوامی شمولیت کو فروغ دینے اور خطے کی ترقی کے اگلے مرحلے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
بیان کے مطابق عمر عبداللہ نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ ریاستی درجہ کی بحالی کے عمل کو جلد از جلد آگے بڑھایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو جموں و کشمیر کی اقتصادی صورتحال اور مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
عمرعبداللہ نے‘بیان کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، عوامی خدمات کی فراہمی اور فلاحی اقدامات کے میدان میں حاصل شدہ پیش رفت کو اجاگر کیا، جبکہ ان شعبوں کی نشاندہی بھی کی جہاں مزید سرمایہ کاری اور مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں اقتصادی ترقی کو تیز کرنے، رابطہ کاری کے نظام کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے اور عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے حکومتِ ہند کے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے خاص طور پر جموں و کشمیر کی آبی بجلی کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ، آنے والے سیب سیزن اور سری نگر ہوائی اڈے کی مجوزہ بندش کے پیش نظر ادھم پور،سری نگر ریلوے لائن پر ٹرین خدمات میں اضافہ، نئے سیاحتی سرکٹس کی ترقی اور کسانوں، دستکاروں اور مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت اجاگر کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا’’جموں و کشمیر بھارت کی ترقی کی داستان میں ایک مکمل اور فعال شراکت دار بننے کے لیے پُرعزم ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی درجہ کی جلد بحالی اور حکومتِ ہند کی مسلسل معاونت جموں و کشمیر کو ہمہ گیر ترقی، خوشحالی اور بہتر طرزِ حکمرانی کی جانب مزید مضبوطی سے آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
دریں اثنا، وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے بھی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاستی درجہ دینے کے مطالبے پر سیاسی بحث جاری ہے اور ساتھ ہی سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معیشت کی بحالی اور ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
مبصرین کے مطابق ریاستی درجہ کی بحالی، اقتصادی استحکام اور سیاحتی شعبے کی مضبوطی آئندہ دنوں میں جموں و کشمیر کی سیاسی اور انتظامی ترجیحات میں سرفہرست رہنے کا امکان ہے۔










