کیف؍واشنگٹن//
یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکا نے امریکی خاتون اول جل بائیڈن اور منگل کو صدر بائیڈن سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
صدر جو بائیڈن بھی زیلنسکا کے استقبال کے لیے ساؤتھ لان میں موجود تھے، انہوں نے یوکرین کی خاتون اول کو پیلے سورج مکھی، نیلے ہائیڈرینجاس اور سفید آرکڈز کا گلدستہ پیش کیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق، خاتون اول "یوکرین کی حکومت اور اس کے عوام کے لیے امریکہ کی مسلسل حمایت پر تبادلہ خیال کیا۔ زیلنسکا کے جاری ہفتے میں واشنگٹن میں متعدد اہم ملاقاتوں میں سے ایک ملاقات تھی۔ یوکرین کی خاتون اول نے پیر کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن سے ملاقات کی تھی۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ زیلنسکا اور بلنکن نے روس کےبڑے پیمانے پر حملے اور اسکے نتیجے میں ہونے والے انسانی نقصانات پر بات کی ۔ بلنکن نے یوکرین کی حمایت کے لیے امریکی عزم کو دوہرایا ۔
نیڈ پرائس نے کہا، کہ وزیر خارجہ بلنکن نے جنگ سے متاثر ہونے والے یوکرینی باشندوں کی مدد کے لیے خاتون اول زیلنسکا کے کام کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ یوکرین کو درپیش اہم معاشی اور انسانی چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے مدد فراہم کرتا رہے گا،جن میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے خاتون اول کی ذہنی صحت کا پروگرام بھی شامل ہے ۔
خاتون اول نے پیر کو امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)کی سربراہ سمانتھا پاور سے بھی ملاقات کی۔ ایجنسی نے یوکرین کی حکومت کی مدد اور انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اربوں ڈالر دیے ہیں، اور روس کی جنگ سے پیدا ہونے والی خوراک کی عالمی کمی کو دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
یوکرین کی خاتون اوّل زیلنسکا بدھ کو قانون سازوں سے خطاب کے لیے کیپیٹل ہل جائیں گی۔