دوحہ 27 اپریل ( یو این آئی) ہندوستان کے ابھرتے ہوئے موٹر سائیکل رائیڈر جوہان ایمینوئل نے پیر کے روز قطر سپر اسٹاک 600 چیمپئن شپ کا خطاب جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ کاواساکی پر سوار ہو کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی رائیڈر بن گئے ہیں۔
چنئی سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ جوہان کے لیے یہ فتح آسان نہ تھی۔ چیمپئن شپ کے آخری مرحلے (ڈبل ہیڈر) سے قبل وہ ہنگری کے مارٹن بیلیلی سے 9 پوائنٹس پیچھے تھے۔ خطاب جیتنے کے لیے انہیں ہر حال میں دونوں ریسیں جیتنا تھیں۔
جوہان نے دوسرے نمبر سے آغاز کیا۔ انہوں نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد دونوں ریسوں میں کامیابی حاصل کی اور مجموعی طور پر 21 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
جوہان ایمینوئل نے اس سیزن کا اختتام 10 میں سے 6 فتوحات کے ساتھ کیا۔ ان کا یہ سفر چیلنجز سے بھرپور رہا۔وہ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر ایک حادثے کا شکار بھی ہوئے۔
میکانی خرابیوں کے باعث انہیں تین بار ریس سے دستبردار ہونا پڑا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
تاریخی جیت کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جوہان نے کہا "600cc مشین پر اپنے ڈیبیو سیزن میں پہلا بین الاقوامی خطاب جیتنا ایک ناقابلِ بیان احساس ہے۔ میری تمام محنت اور قربانیاں رنگ لے آئیں۔ لیکن یہ تو محض شروعات ہے، مجھے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔”









