لاہور، 29 اکتوبر (یواین آئی) منیبہ علی اگلے ماہ متحدہ عرب امارات کے عجمان میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں پاکستان کی قیادت کریں گی۔ 14 رکنی ٹیم میں زیادہ تر وہی کھلاڑی شامل ہیں جو باقاعدگی سے پاکستان کی نمائندگی کرتی رہی ہیں۔ سلیکٹرز نے حالیہ ایشین گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کی 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ پاکستان کی مستقل کپتان فاطمہ ثنا کو 12 سے 25 نومبر تک ہونے والے 10 ٹیموں کے ٹورنامنٹ سے ڈبلیو بی بی ایل میں شرکت کے باعث باہر رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔ فاطمہ ثنا کو پرتھ اسکارچرز نے سائن کیا ہے اور یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی شرکت ہوگی۔ منیبہ اس سے قبل بھی فاطمہ کی غیر موجودگی میں پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی قیادت کر چکی ہیں۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ میں عائشہ ظفر کو نائب کپتان بنایا گیا ہے، جبکہ گل فیروزہ، صدف شمس، شوال ذوالفقار، ایمان فاطمہ، سائرہ جبین اور 19 سالہ ایمان نصیر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ ایمان نصیر نے رواں سال سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں پاکستان کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور اب تک اس فارمیٹ میں صرف تین میچ کھیلے ہیں۔
لیفٹ آرم اسپنر نَشرا سندھو پاکستان کی سب سے تجربہ کار گیندباز ہیں اور خواتین کی ٹی20 گیندبازی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ملک کی واحد کھلاڑی ہیں۔ ان کے ساتھ اسپنرز توبہ حسن، امِّ ہانی اور مومینہ ریاست ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ تسمیہ رباب اور وحیدہ اختر تیز گیندبازی کا شعبہ سنبھالیں گی۔ صدف شمس اور وحیدہ اختر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان پہلی بار ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں حصہ لے رہا ہے۔ گزشتہ سال پہلے ایڈیشن میں آٹھ ٹیموں نے شرکت کی تھی، جبکہ اس بار تعداد بڑھا کر 10 کر دی گئی ہے۔ ٹیموں کو پانچ پانچ کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی، جس کے بعد فائنل کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو گروپ بی میں دفاعی چیمپئن تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان 12 نومبر کو ٹورنامنٹ کے پہلے دن بنگلہ دیش کے خلاف اپنی مہم شروع کرے گا۔




