نئی دہلی// وزیرزراعت نریندر سنگھ تومر نے ہفتہ کو سائنسدانوں سے اہم فصلوں بالخصوص دالوں، تلہن اور کپاس کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی اپیل کی۔
انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے 94ویں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرتومر نے کہا کہ ہندوستان بڑی فصلوں کی پیداوار میں دنیا میں پہلے یا دوسرے نمبر پر ہے، جس پر اسے فخر ہے، لیکن کچھ فصلوں کی پیداواری صلاحیت کے حوالے سے چیلنجز موجود ہیں، جسے دورکرنے کی ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں دالوں کی فصلوں، تلہن فصلوں اور کپاس کی فی ایکڑ پیداواری صلاحیت ہندوستان کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ سائنسدانوں کو دالوں کی فصلوں، تلہن اور کپاس کی پیداواری صلاحیت سے متعلق چیلنجوں کا مقابلہ کرنا چاہیے اور ان فصلوں کی پیداوار عالمی معیار کی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین کو چاہیے کہ وہ ان فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کا عہد کریں اور آنے والے سالوں میں اسے پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دالوں کی ضروریات پوری کرنے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اب تلہن کی فصلوں کی کمی کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ملک میں خوردنی تیل کی ضرورت پوری کرنے کے لیے اسے بڑے پیمانے پر درآمد کیا جاتا ہے۔
زراعت کے شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹرتومر نے کہا کہ اعلیٰ زرعی تعلیم میں نئے کورسز لاگو کیے گئے ہیں اور اب زراعت کو اسکولی تعلیم میں بھی شامل کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ نے اس سمت میں ایک پہل شروع کی ہے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ کیمیکل فارمنگ کی وجہ سے فصلوں کی پیداواری صلاحیت میں بے پناہ اضافہ ہوا اور ملک نہ صرف غذائی اجناس کے معاملے میں خود کفیل ہوا ہے بلکہ دنیا کی ضروریات کوبھی پوری کر رہا ہے تاہم اب کیمیکل فارمنگ کے برے اثرات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ اس کے پیش نظر زرعی سائنسدانوں نے قدرتی کاشتکاری پر توجہ دینا شروع کر دی ہے۔