نئی دہلی، 3 مارچ (یو این آئی) کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے اہم سیمی فائنل سے قبل کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ناک آؤٹ میچ کے دباؤ سے گھبرانے کے بجائے اسے گلے لگائیں۔ ممبئی کے تاریخی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں جمعرات کو ہونے والے اس بڑے معرکے سے قبل بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں گمبھیر نے ٹیم کا مورال بلند کیا۔
2007 اور 2011 کے ورلڈ کپ فاتح اسکواڈ کا حصہ رہنے والے گوتم گمبھیر نے اپنے تجربے کی روشنی میں کہا ایک بات بالکل واضح ہے،اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم دباؤ سے چھپیں گے نہیں۔ ہم اس کا سامنا کریں گے اور اگر کسی بھی لمحے ہمیں لگے کہ ہم دباؤ میں ہیں، تو ہمیں مثبت راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ اس کھیل کا لطف اٹھائیں، آپ اسی کے لیے اپنی پوری زندگی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر ناک آؤٹ میچ کھیلنا ایک بڑی ذمہ داری ہے، اس لیے میدان میں جوش و خروش کے ساتھ اتریں، کسی دباؤ میں نہیں۔ بہادر بنیں، ہمت دکھائیں اور سب سے اہم بات یہ کہ ایک دوسرے کے لیے کھیلیں۔گوتم گمبھیر نے ٹیم میٹنگ کے دوران نوجوان بلے باز رنکو سنگھ کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی دیا، جو اپنے والد کے انتقال کے محض ایک دن بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ گمبھیر نے کہا”رنکو! اس دکھ کی گھڑی میں ٹیم میں واپس آنا بڑے حوصلے کا کام ہے۔ ایک بات یاد رکھنا، تم اکیلے نہیں ہو۔ اس مشکل وقت میں پوری ٹیم تمہارے ساتھ کھڑی ہے، اس لیے مضبوط رہو۔
واضح رہے کہ رنکو سنگھ کے والد طویل عرصے سے جگر کے کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد جمعہ کو انتقال کر گئے تھے۔ رنکو اپنے والد کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہوئے تھے۔
ادھر سابق ہندوستانی کپتان اور لیجنڈری بلے باز سنیل گواسکر کا ماننا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا سیمی فائنل انتہائی سنسنی خیز ہوگا۔ انہوں نے اس میچ کا موازنہ ایڈن گارڈنز میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے حالیہ میچ سے کیا ہے۔
ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گواسکر نے کہا”یہ ایک زبردست مقابلہ ہوگا کیونکہ دونوں ٹیموں میں مماثلت بہت زیادہ ہے۔ دونوں کے پاس بہترین بیٹنگ لائن اپ، مضبوط مڈل آرڈر اور شاندار فنشرز موجود ہیں۔ بالنگ میں بھی دونوں ٹیموں کے پاس کافی ورائٹی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے کی وجہ سے ہندوستانی کنڈیشنز اور یہاں کے دباؤ سے بخوبی واقف ہیں، اس لیے یہ میچ آخری اوور تک جانے کی توقع ہے۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہندوستان کے سیمی فائنل ہارنے کے ریکارڈ (1987 اور 2016) پر بات کرتے ہوئے گواسکر نے کہا کہ اب اسکرپٹ بدلنے کا وقت ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ”کل تک لوگ کہہ رہے تھے کہ ویسٹ انڈیز ایڈن گارڈنز میں کبھی ناک آؤٹ میچ نہیں ہاری، لیکن ہندوستان نے وہ ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ایک نیا دور اور نئی ٹیم ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم وانکھیڑے میں تاریخ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔”
ورلڈ کپ میں فارم کے لیے جدوجہد کرنے والے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما کو مشورہ دیتے ہوئے گواسکر نے کہا”میرا مشورہ یہ ہے کہ ہمیشہ ‘چوتھے گیئر’ میں بیٹنگ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ پاور پلے کا فائدہ ضرور اٹھائیں، لیکن جیسے جیسے آپ وکٹ پر سیٹ ہوں، تب اپنی رفتار بڑھائیں۔ اپنی طاقت کے مطابق کھیلیں مگر ہر گیند پر جارحیت کے بجائے اننگز بنانے پر توجہ دیں۔






