لکھنؤ، 18 دسمبر (یواین آئی) لکھنؤ کے ایکانا اسٹیڈیم میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ گھنے کہرے کی وجہ سے ایک بھی گیند کرائے بغیر منسوخ کر دیا گیا۔
میچ کا ٹاس شام 6:30 بجے ہونا تھا، لیکن مقابلے کے آغاز سے قبل ہی ایکانا اسٹیڈیم میں دھند چھا گئی۔ امپائروں نے پانچ مختلف اوقات میں میدان کا معائنہ کیا، تاہم آخری معائنے کے بعد بھی حالات میں بہتری نہ آنے پر میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ہندوستان یہاں سے سیریز نہیں ہارے گا۔ ٹیم انڈیا اس وقت سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔ اگر احمد آباد میں ہونے والا میچ ہندوستان جیت لیتا ہے تو وہ سیریز 3-1 سے اپنے نام کر لے گا، بصورت دیگر یہ سیریز 2-2 کی برابری پر ختم ہوگی۔
لکھنؤ میں ہندوستان-جنوبی افریقہ ٹی 20 میچ کی منسوخی کا بالواسطہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ کرکٹ میچ نہ ہونے کی وجہ دھند نہیں بلکہ آلودگی تھی، کیونکہ بی جے پی حکومت نے صاف ستھری ہوا کے لیے بنائے گئے پارکوں کو برباد کر دیا ہے۔
مسٹر یادو نے بدھ کی رات دیر گئے انسٹاگرام پر پوسٹ کیاکہ "دہلی کی آلودگی اب لکھنؤ تک پہنچ گئی ہے۔ اسی وجہ سے لکھنؤ میں ہونے والا بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں ہو رہا ہے۔ اصل میں وجہ دھند نہیں، اسموگ ہے۔ ہم نے جو پارک لکھنؤ کی خالص ہوا کے لیے بنائے تھے بی جے پی حکومت لکھنؤ میں صاف ہوا کے لیے بنائے گئے پارکوں کو تقریبات منعقد کرکے برباد کرنا چاہتی ہے، بی جے پی نہ انسان کے سگے ہیں نہ ماحول کی انہیں فکر ہے، منھ ڈھک لیجئے کہ آپ لکھنؤ میں ہیں۔
غور طلب ہے کہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چوتھا ٹی۔20 بین الاقوامی میچ بدھ کی رات دیر گئے لکھنؤ کے ایکانا اسٹیڈیم میں شدید دھند کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ ہندوستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ پانچواں اور آخری میچ جمعہ کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔






