ساؤتھمپٹن// ہاردک پانڈیا (51 رن، 4 وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 50 رنوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کو ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے سامنے 199 رنوں کا ہدف رکھاتھا جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 148 رن پرہی آل آؤٹ ہو گئی۔
199 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے اپنے پہلے چار وکٹ صرف 33 رنز پر گنوا دیں۔ اوپنر جوس بٹلر کو پہلی ہی گیند پر بھونیشور کمار نے بولڈ کر دیا جس کے کچھ دیر بعد ہی پانڈیا نے ڈیوڈ ملان (21) اور لیام لیونگسٹون (0) کو پویلین لوٹایا۔
ہاردک نے جیسن رائے کا وکٹ بھی لیا جو 16 گیندوں میں صرف چار رن بنا سکے۔
اس کے بعد ہیری بروک اور معین علی نے انگلینڈ کو میچ میں واپس لانے کی کوشش میں پانچویں وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ یزویندر چہل کی گیند پر آوٹ ہونے سے پہلے بروک نے 23 گیندوں میں دوچوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 28 رن بنائے، جبکہ معین علی نے 20 گیندوں پر چارچوکوں اورایک چھکا کی مدد سے 36 رنوں کی اننگ کھیلی۔
اس کے علاوہ کرس جارڈن نے 26 (17) کی اننگ میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کردار ادا نہ کرسکا اور انگلینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے 148 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پانڈیا نے ہندوستان کے لیے 33 رن دے کرچار وکٹ لئے، جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرتے ہوئے ارشدیپ سنگھ (18/2) اور چہل (32/2) کو بھی دو دو وکٹ حاصل ہوئے۔
اس سے قبل آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا (51) کی عمدہ نصف سنچری اور سوریہ کمار یادو (39)، دیپک ہڈا (33) اور کپتان روہت شرما (24) کی تیز اننگز سے ہندوستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر198 رنوں کو مضبوط اسکور بنایاتھا۔