تحریر:ہارون رشید شاہ
صاحب ہمیں اس بات کا زیادہ یقین نہیں ہے اور … اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ملک کشمیر میں عنقریب اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں… لیکن جس طرح اپنے بخاری صاحب … الطاف بخاری صاحب ریلیوں پہ ریلیاں کررہے ہیں ‘ جلسے جلوس کررہے ہیں اور ان میں جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں‘ اس سے لگتا ہے کہ کسی اور کو ہو نہ ہو لیکن بخاری صاحب کو یقین ہو چلا ہے کہ ملک کشمیر میں عنقریب الیکشن ہونے والے ہیں یا ہو ں گے ۔ الیکشن ہو ں یا نہیں ؟ یہ تو آنے والا وقت ہی بتا دے گا … لیکن بخاری صاحب لوگوں کو جو بتا رہے ہیں… ان سے جو کہہ رہے ہیں… کیا سچ کہہ رہے ہیں ‘ کیا وہ حقیقت پر مبنی ہے … شاید نہیں ۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ہم بخاری صاحب پر جھوٹا ہو نے کا الزام لگا رہے ہیں ‘ انہیں جھوٹا قرار دے رہے ہیں ‘ نہیں صاحب اس کا یہ مطلب نہیں ہے… البتہ اتنا ضرور ہے اور… اور سو فیصد ہے کہ یہ جناب جو کہہ رہے ہیں ‘ زمینی حقائق کچھ اور ہیں… اور مزے کی بات یہ ہے کہ یہ بات خود بخاری صاحب بھی جانتے ہیں ۔ان جناب کا کہنا ہے کہ ان کی اور ان کی جماعت کی کوششوں سے ملک کشمیرکے لوگوں کو زمین اور سرکاری نوکریوں کے حقوق کو تحفظ ملا …بخاری صاحب کا یہ دعویٰ ہمارے لئے بریکنگ نیوز ہے اور… اور اس لئے ہے کہ ہم نہیں جانتے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں جانتے ہیں کہ ملک کشمیر کی زمین اور سرکاری نوکریوں کے حق کے تحفظ کے حوالے سے سرکار … مرکزی سرکار نے کب کچھ ایسا ویسا کہا جس کا کریڈٹ بخاری صاحب لینا چاہتے ہیں… اور اگر سچ میں کشمیر کی زمین اور نوکری پر صرف کشمیریوں کا ہی حق ہے… اور یہ حق کسی اور نے نہیں بلکہ بخاری صاحب اور ان کی جماعت کی کوششوں کی وجہ سے ہی محفوظ رہا ہے تو… تو صاحب یہ بات بلا خوف تردید کے کہنا چاہتے ہیں کہ … کہ بخاری صاحب نے اتنا ہی بڑا کا م کیا ہے یا پھر اس سے بھی بڑا کام جو شیخ صاحب نے ملک کشمیر میں زمینی اصلاحات کرکے کیا … زمین جوتنے والوں کو زمین کے حقوق فراہم کرکے شیخ صاحب نے ایک عظیم کام کیا اور… اور اگر بخاری صاحب نے زمین کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا ہے تو… تو یہ بے شک ملک کشمیر کے حقیقی اور اصلی قائد ثانی ہیں۔ کیا بخاری صاحب نے واقعی زمین اور سرکاری نوکریوں کے حق کو تحفظ فراہم کرایا …جواب بخاری صاحب جانتے ہیں اور … اور آپ بھی ۔ہے نا؟