پٹنہ، 12 نومبر (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے انتخابات کے بعد آئے ایگزٹ پول کو مسترد کرتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ ریاست میں مہاگٹھ بندھن بڑی جیت کی طرف بڑھ رہا ہے اور وہ 18 نومبر کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے ۔
مسٹر تیجسوی یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر اثر آکر میڈیا نے اپنا وقار کھو دیا ہے اور اب سروے وہی دکھائے جاتے ہیں، جو مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کی مرضی کے مطابق ہوں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہی میڈیا آپریشن سندور کے دوران لاہور پر ہندوستان کا قبضہ کرا چکا تھا، جھارکھنڈ اور بنگال کے ایگزٹ پول میں بھی بی جے پی کو کامیاب قرار دیا تھا اور اب وہی کھیل بہار میں بھی کھیلا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا کی ساکھ انتہائی نچلے درجے پر پہنچ چکی ہے ،حتی کہ ایک دن پہلے اسی میڈیا نے فلم اداکار دھرمیندر کو زندہ ہوتے ہوئے بھی مرنے کی خبر چلا دی تھی اور کچھ بی جے پی رہنماؤں نے تو ان کے مرنے پراظہار افسوس بھی کر دیا تھا۔
مسٹر تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال سے جاری تمام سروے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی مقبولیت 17 فیصد سے اوپر نہیں جا پا رہی تھی لیکن اچانک حکومت کی گود میں بیٹھا میڈیا انہیں سب سے اوپر دکھانے لگا ۔ ان کے مطابق ان کے اپنے اندرونی سروے بتا رہے ہیں کہ عظیم اتحاد 1995 کی جیت سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ہے اور بہار میں اقتدار کی تبدیلی یقینی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 2020 کے مقابلے میں اس بار 72 لاکھ نئے ووٹر جڑے ہیں یعنی ہر اسمبلی حلقے میں اوسطاً 29 ہزار 500 ووٹروں کا اضافہ ہوا ہے ۔ یہ عوامی جوش واضح طور پر تبدیلی غماز ہے ۔ مسٹر تیجسوی یادو نے الزام لگایا کہ حکومت سروے کے بہانے ووٹوں کی گنتی کے دن افسروں پر دباؤ بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس بار الیکشن ڈیوٹی کے لیے تمام افسران بی جے پی حکمرانی والے ریاستوں سے بلائے گئے ہیں، جو حکومت کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے ۔
مسٹر تیجسوی یادو نے کہا کہ حکومت چاہے فلیگ مارچ کرائے یا دباؤ ڈالے ، ان کے کارکن پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کے وقت کسی بھی دھاندلی کو روکنے کے لیے ان کی ٹیم پوری طرح چوکس اور محتاط ہے ۔
آر جے ڈی کے رہنما نے بہار کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 18 نومبر کو ان کے حلف لینے کے بعد ریاست میں ایک ایسی حکومت بنے گی، جو روزگار فراہم کرے گی اور عوامی مسائل کا حل پیش کرے گی۔









