مکہ المکرمہ//(ویب ڈیسک)
دنیا بھر سے عازمین حج کی مکہ معظمہ آمد کے بعد منیٰ میں سفید خیموں کا شہر آباد ہو گیا ہے۔
عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سفید خیموں کا شہر پانچ روز کیلئے شہد کی مکھیوں کے چھتے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ عازمین حج آٹھ ذی الحج کو یوم ترویہ کی تیاری کے لیے منیٰ میں جمع ہو رہے ہیں۔
منیٰ میں سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹرز، حج مشنز اور طواف کمپنیوں کے درمیان حجاج کرام کے کیمپوں کی تیاری اور ترویہ کے دن اور ایام تشریق کے موقع پر ان کے استقبال کی تیاری کے سلسلے میں مقابلے کی کیفیت ہے۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کی کیمرہ ٹیم نے منیٰ میں لاکھوں فرزندان توحید کیلئے بسائے گئے عارضی شہر کا طائرانہ جائزہ لیا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت اور نجی اداروں نے اللہ کے مہمانوں کے آرام وراحت کے لیے ہر ممکن اقدامات اور تمام توانائیاں صرف کرتے ہوئے حجاج کرام کی خدمت جاری رکھی ہوئی ہے۔
اندرون ملک کے عازمین کی خدمت کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کی رابطہ کونسل نے بتایا کہ مقامی عازمین کو خدمات فراہم کرنے کیلئے۱۸۴ کمپنیاں تیار ہیں۔ یہ کمپنیاں ایک لاکھ پچاس ہزار مقامی عازمین حج کی خدمت کر رہی ہیں۔
کونسل نے کہا کہ اس سال منیٰ میں سعودی عرب کے اندر سے حصہ لینے والے حجاج کیلئے قیام وطعام کی سہولیات پہلے سے مختلف ہیں۔ منیٰ میں عازمین حج کے لیے جدید ترین خیمے تیار کیے گئے ہیں۔ گرمی کے موسم کے اعتبار سے ان خیموں میں ٹھنڈک کا بھرپور انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ خیمے فائر پروف ہیں تاہم ان کی تعداد کل خیمہ بستی میں صرف ۲۰ فیصد ہے۔
اس دوران سعودی عرب کی وزارت ماحولیات نے عازمین حج کی قربانی کے جانوروں کو ذبیحہ کرنے کے عمل کیلئے آن لائن بکنگ شروع کر دی ہے۔
وزارت ماحولیات پانی اور زراعت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قربانی ذبح کرنے کیلئے رجسٹریشن اور بکنگ کا عمل مکہ معظمہ اور ریاض شہروں میں شروع کیا گیا ہے۔
قربانی کے جانور ریاض اور مکہ معظمہ میں ذبحہ کیے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد افراد اور کاروباری شعبے کو سہولت فراہم کرنا، مذبح خانوں پر ہجوم کو کم کرنا اور قربانی کے جانوروں کی آمد کے عمل کو منظم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں ریاض کے علاقے میں وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی شاخ کے ڈائریکٹر جنرل ماجد الفراج نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ آن لائن ریزرویشن سے ذبحہ خانوں پر ہجوم میں ۳۰ فیصد تک کمی آئے گی۔ ریاض میں ٹارگٹ سلاٹر ہاؤس عزیزیہ ذبحہ خانہ ہے۔ مقدس دارالحکومت میں المعیصم سلاٹر ہاؤس، اللیث روڈ ’اے ‘اور ’بی ‘سلاٹر ہاؤس، ویسٹرن مکہ ذبحہ خانہ اور العقیشیہ سیزنل سلاٹر ہاؤس شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام کے شعبوں میں وزارت ماحولیات کے ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے کے فریم ورک کا حصہ ہے، جس کا مقصد صارفین کی محنت اور وقت کی بچت کرنا، اس کے علاوہ ڈیجیٹل تبدیلی کی حکمت عملی کے مقاصد حاصل کرنا اور قربانی کے حوالے سے آن لائن سروسز حاصل کرنا ہے۔