کوپن ہیگن //
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ چار افراد شدید زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارےاے پی نے ڈینش پولیس کے حوالے سے بتایا کہ 22 سالہ حملہ آور ڈینش شہری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے سربراہ کے مطابق حملہ آور نے ظاہری طور پر اکیلے کارروائی کی ہے اور اس حملے میں اس کے ساتھ کوئی اور شخص ملوث نہیں تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی اس حملے کے محرکات کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا مگر دہشت گرد نے بلا تفرق ہر نظر آنے والے شخص پر فائرنگ کی ہے جس سے یہ حملہ دہشت گرد حملہ نظر نہیں آتا۔
پولیس کے مطابق زخمی افراد کو فوری طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کے بارے میں امید ہے کہ زخمی افراد کی جانیں بچائی جاسکیں گی۔
جائے وقوعہ سے منظر عام پر آنے والی تصاویر میں لوگوں کو افراتفری کے عالم میں محفوظ مقامات کی جانب بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری اور فائر فائٹرز کی موجودگی کو بھی دیکھا گیا۔