سرینگر//
امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سرینگر جموں شاہراہ پر میوہ سے بھری ٹرکوں کو روکنے کے خلاف سوپور فروٹ منڈی میں میوہ صنعت سے جڑے تاجروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
تاجروں نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی کہ شاہراہ پر میوہ بردار گاڑیوں کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا جائے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ فروٹ منڈی سوپور میں میوہ صنعت سے جڑے تاجروں نے ہفتے کے روز پُر امن احتجاج کیا۔
میوہ تاجروں نے بتایا کہ پچھلے کئی برسوں سے میوہ صنعت سے جڑے افراد کو نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور اب سری نگر جموں شاہراہ پر میوہ بردار گاڑیوں کو روکنے سے اُن کی سال بھر کی کمائی ضائع ہو رہی ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ کشمیر کے لوگوں نے ہمیشہ امر ناتھ یاتریوں کا خیر مقدم کیا تاہم شاہراہ پر میوہ بردار گاڑیوں کو روکنے سے اُنہیں نقصان اُٹھانا پڑرہا ہے ۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے انتظامیہ کے ساتھ بھی رابط قائم کیا تاہم ابھی تک وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا ہے ۔
میوہ تاجروں نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس میں فوری مداخلت کریں اور سری نگر جموں شاہراہ پر میوہ سے لدی گاڑیوں کو بغیر کسی خلل کے آگے جانے کی اجازت دی جائے ۔
تاجروں نے بتایا کہ چونکہ اس وقت جو میوہ پک چکا ہے وہ کافی نازک ہے جس سے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر باہر کی منڈیوں تک پہنچانا لازمی ہوتا ہے اور اگر اس دوران دھیری ہوتی ہے تو میوہ راستے میں ہی خراب ہوجاتا ہے ۔