سرینگر//
حج سے متعلق اطلاعات کی فراہمی اور اشاعت کیلئے سعوی وزارت اطلاعات نے رواں حج سیزن کے لیے ایک ورچوئل میڈیا سنٹر قائم کیا ہے، جس نے کام شروع کر دیا ہے۔
یہ ورچوئل میڈیا سنٹر سعودی حکومت کی طرف سے اطلاعات، معلومات اور ہدایات پر مبنی مواد کی بروقت فراہمی کا منظم اہتمام کرے گا۔ تاکہ حجاج کرام کو اس شعبے میں بھی بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق یہ ایک الیکٹرانک پلیٹ فارم ہے جو ورچوئل اندار میں اپنی خدمات حکومتی اداروں کو فراہم کرے گا اور حجاج کرام کو اپ ڈیٹ رکھے گا۔
ورچوئل میڈیا سنٹر کے حوالے سے۷۲۵ خواتین اور مرد میڈیا ورکرز کو رجسٹر کیا گیا ہے جو اس پلیٹ فارم سے استفادہ کرتے ہوئے اطلاعات کی ترسیل کا ذریعہ بنیں گے۔
یہ تمام میڈیا ورکرز قومی و بین الاقوامی خبر رساں اداروں اور چینلز سے وابستہ ہیں۔اور ان کا تعلق سعودی عرب کے علاوہ ممالک سے بھی ہے۔
اس دوران سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے عمومی مقتدرہ اوقاف کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے تحت رواں سال۱۴۴۳کے حج کیلئے دْنیا کے تمام بھر کے عازمین جج وعمرہ کے لیے ایک نیا آگاہی پروگرام شروع کیا ہے۔
اس آگاہی پروگرام میں۱۳ تفصیلی رہنما کتابچے ہیں جو عازمین کی دلچسپی کے موضوعات کے بارے میں آسان طریقے سے حج کے تمام مراحل اور مناسک کے بارے میں معلومات پر فراہم کرتے ہیں۔
یہ معلومات ایک آن لائن پورٹل کے ذریعے ۱۴عالمی زبانوں میں دی گئی ہیں۔
یہ آگاہی گائیڈز سعودی ویژن۲۰۳۰ کے مقاصد کے عین مطابق ہیں جن کا مقصد حجاج کرام کو بیت اللہ کے سفر میں سہولت فراہم کرنا اور ان کے تمام سوالوں کے جوابات ۱۴سے زیادہ زبانوں میں تسلی بخش انداز میں دے کر انہیں حج کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔
وزارت حج وعمرہ نے بتایا ہے کہ اپنے تمام تراجم کے ساتھ ۱۸۲گائیڈز مختلف زبانوں میں پیش ہیں۔ ان میں حج کے حوالے سے قانونی امور، صحت کے معاملات، شرعی رہ نمائی، ریگولیٹری معلومات اور تنظیمی نوعیت کی ہدایات آسان زبان میں تصاویر اور تفصیلی انفو گرافکس کے ذریعے فراہم کی گئی ہیں۔ تاکہ قاری کو پڑھنے اور انہیں سمجھنے میں آسانی ہو۔
اس اقدام کے ذریعے حج وعمرہ کی وزارت عازمین حج کی خدمت بجا لانے کی کوشش کرتی ہے کہ ضیوف الرحمن ان معلومات کے حصول کے بعد زیادہ سے زیادہ عبادات بجا لا سکیں۔ یہ معلومات چوبیس گھنٹے سمارٹ ڈیوائسز پر مفت دستیاب ہیں۔