انگلینڈ کے خلاف کرکٹ کی سب سے بڑی اور تاریخی ایشیز سیریز کے شروع ہونے کی تاریخ آسٹریلیائی کھلاڑی ہی بھول گئے۔سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹیم کے کئی بڑے نام تاریخ بتانے میں ناکام نظر آئے۔ ویڈیو میں آسٹریلیائی اسپنر نیتھن لیون کو ساتھی کھلاڑیوں کو فون کر کے ایشیز سیریز کی تاریخیں پوچھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم کپتان پٹ کمنز سمیت کسی کھلاڑی کو ایشز کی تاریخ ہی یا د نہیں تھی۔
مچل اسٹارک نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید جوش ہیزل ووڈ کو پتا ہوگا، لیکن جب ہیزل ووڈ اور اسکاٹ بولانڈ سے پوچھا گیا تو ان کو بھی یاد نہیں۔ کپتان پٹ کمنز نے نیتھن لیون کو جواب دیا کہ مجھے نہیں پتا، کیا گوگل پر نہیں ہے؟ بعد ازاں انہوں نے اندازہ لگاتے ہوئے کہا کہ شاید سیریز نومبر کے آخر میں شروع ہو۔
واضح رہے کہ ایشیز کرکٹ کی سب سے پرانی اور اہم روایتی سیریز ہے جو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جاتی ہے جس کا آغاز 1882 میں آسٹریلیا کی سرزمین پر ہوا تھا جبکہ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشز سیریز آخری مرتبہ سال 2023 میں انگلینڈ میں کھیلی گئی تھی جس میں ایک میچ ڈرا ہوا اور بقیہ میچز 2-2 سے برابر ہوئے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سرکل میں رواں سال شروع ہونے والی ایشز سیریز کے شیڈول کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے جس کا پہلا میچ 21 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر کو گابا میں تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر کو اوول میں چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور آخری ٹیسٹ میچ 4 جنوری کو سڈنی میں شیڈول ہے۔





