استنبول//
ترکیہ(سابق ترکی) فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت پر رضامند ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ نے گزشتہ روز فن لینڈ اورسوئیڈن کی30 ممالک پر مشتمل سیاسی و عسکری اتحاد نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں شرکت کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کرنے کا اعلان کیا۔
فن لینڈ کے صدر ساؤلی نینیستو نے ایک بیان میں کہا کہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات کی تصدیق کرنے کے لیے ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں کہ ترکیہ اس ہفتے میڈرڈ میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران سوئیڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مشترکہ میمورنڈم فن لینڈ، سوئیڈن اور ترکیہ کے ایک دوسرے کی سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف اپنی مکمل حمایت فراہم کرنے کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
دوسری جانب نیٹو کے جنرل سیکرٹری اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ میں سہ فریقی یاد داشت پر دستخط کا پر زور خیر مقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب ہمارے پاس ایک معاہدہ ہے جو فن لینڈ اور سوئیڈن کے لیے نیٹو میں شامل ہونے کی راہ ہموار کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ انقرہ کے لیے یہ ممکن نہیں ہےکہ وہ یوکرین پر روسی جارحیت کے اس ماحول میں فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرے۔