واشنگٹن//
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ زلزلے نے افغانستان میں انسانی بحران کو مزید تیز کردیا ہے، امریکی امداد سے چلنے والے شراکت داروں نے اس آفت سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔
ایک بیان میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے قدرتی آفت کے تناظر میں اضافی انسانی ضروریات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی، امریکا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر افغانوں کے لیے 55 ملین ڈالر کی فوری امداد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے مجموعی امریکی انسانی امداد 774 ملین ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے، امدادی سامان میں شیلٹر، چولہے، کمبل، شمسی لیمپ، کپڑے اور گھریلو اشیاء شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی سے پیدا بیماریوں کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حفظان صحت کا سامان بھی شامل ہے، امریکی فنڈنگ سے افغانستان کے دیگر انتہائی ضرورت مند علاقوں میں بھی مدد ملے گی۔
انٹونی بلنکن کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی افغانستان کے عوام کے ساتھ مستقل وابستگی ہے، اس مشکل وقت میں افغانستان کے لیے اپنے شراکت داروں کی مدد اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان میں زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 1000 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔