سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سِنہا نے آج جموںوکشمیر یوٹی کے۲۰ شکایت کنند گان سے بات چیت کی اور سول سیکرٹریٹ میںبراہِ راست عوامی شکایات کی سماعت پروگرام ’’ ایل جی ملاقات‘‘ کے دوران ان کی شکایات کا اَزالہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بہتر حکمرانی کی طرف پہلا قدم لوگوں کی بات سننا اور ان کی شکایات کو تیزی سے حل کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی اور عوام کے اطمینان کی سطح میں واضح بہتری آئی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ ایک فعال اور شہری دوست اِنتظامی نظام نے عام آدمی کی زندگی کو آسان بنایا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش روزمرہ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے براہِ راست مواصلات ، رفتار اور حکومتی مداخلت کے پیمانے عوامی خدمات کی فراہمی کو فروغ دے رہے ہیں۔
آج کے ’’ ایل جی ملاقات ‘‘ پروگرام میں لیفٹیننٹ گورنر کی مداخلت سے درخواست گزاروں کے مختلف مسائل موقعہ پر ہی حل ہوگئے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور متعلقہ اَفسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ لوگوں کی درخواستوں اور شکایات کا مناسب وقت کے اندر حل کریں۔
بڈگام سے تعلق رکھنے والے ظہور احمد خان نے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے ان کی شکایت کے فوری ازالے کیلئے مناسب کارروائی کی۔
پلوامہ کے شیخ مدثرنے میٹھے پانی کی ندی ۔لتھہ کل کی صفائی کا مسئلہ پیش کیا جس پر لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ سول سوسائٹی اور پی آر آئی کے اراکین کو شامل کریں اور پانی کی ندی کو صاف رکھنے کیلئے مقامی لوگوں کو متحرک کریں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے چیئر کو کشن گنگا ندی میں غیر قانونی مٹی نکالنے کے معاملے پر بتایا کہ اِس سلسلے میں مناسب کارروائی کی گئی ہے۔
پونچھ سے تعلق رکھنے والے محمد ایاز خان نے ہینڈ پمپس کی تنصیب میں تاخیر پر حکام کی توجہ مبذول کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ جل شکتی کو کام میں تیزی لانے کی ہدایات دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے غیر فعال آبپاشی نہر پر انو کل کے تعلق سے ڈوڈہ کے مصطفی کی شکایات کا اَزالہ کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے اِنتظامی سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ اِس نہر کو کم سے کم وقت میں فعال بنانے کا کام مکمل کریں۔
رِیاسی کے بلونت سنگھ کے ذریعے اَپنے علاقے میں سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولیت کی عدم دستیابی کے بارے پیش کردہ مسئلہ پر چیئر کو بتایا گیا کہ اِس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ضروری اِقدامات کئے گئے ہیں۔
کمشنر سیکریٹری پبلک گریوینسز‘ ریحانہ بتول نے آج کے ایل جی ملاقات کے پروگرام کو موڈریٹ کیا اور چیئر کو موصول ہونے والی شکایات کی پیش رفت اور صورتحال سے آگاہ کیا۔