نئی دہلی// اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو دہلی کے ایک دن کے دورے کے دوران مرکزی حکومت کے مختلف وزراء کے ساتھ ریاست کی مختلف ترقیاتی اسکیموں بالخصوص برج خطے کی ترقی پر طویل بات چیت کی۔
یوگی صدارتی انتخابات کے لیے دہلی کے دورے میں حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی مشترکہ امیدوار دروپدی مرمو کی نامزدگی کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور حمایتی جماعتوں کے سینئر لیڈروں کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلی یوگی نے مرکزی وزراء کے ساتھ ریاست کی مختلف ترقیاتی اسکیموں پر بھی ملاقات کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، وزیر مملکت وی کے سنگھ، وزیر ریلوے اشونی وشنو، مرکزی جہاز رانی کے وزیر سربانند سونووال اور وزیر ثقافت جی کشن ریڈی کے ساتھ اپنی وزارتوں سے متعلق کئی ریاستی پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزراء کے ساتھ بات چیت میں وزیر اعلیٰ نے سڑک، ریل اور آبی نقل و حمل اور ریاست میں ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کی ترقی کے منصوبوں کے بارے میں میراتھن بات چیت کی۔