دمبولا//اسمرتی مندھانا (39) اور کپتان ہرمن پریت کور (31 ناٹ آؤٹ) کی مدد سے ہندوستانی خواتین ٹیم نے سری لنکا کو پانچ گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہفتہ کو 0-2 کی ناقابل شکست سبقت حاصل کرلی۔
126 رن کے آسان ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی رہیں۔ تاہم پہلے نائب کپتان اسمرتی مندھانا (39) اور پھر کپتان ہرمن پریت کور (31 ناٹ آؤٹ) ایک سرے پر کریز پر جمی رہیں اور اپنی ٹیم کو پانچ گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹوں سے اہم جیت دلائی۔ مندھانا نے 34 گیندوں پر 39 رن میں آٹھ چوکے لگائے جبکہ ہرمن نے 32 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 31 رن میں دو چوکے لگائے۔ شیفالی ورما اور ایس میگھنا نے 17-17 رن بنائے۔ یاستیکا بھاٹیہ نے 13 رن بنائے۔
اس سے قبل سری لنکا کی اننگز میں وشمی گونارتنا نے 45 اور کپتان چماری اتاپتو نے 43 رن بنائے۔ ہندستان کی جانب سے دیپتی شرما نے 34 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ 87 رن کی اوپننگ پارٹنرشپ کے بعد سری لنکائی ٹیم کے آگے کے بلے باز ہندستان کی گیندبازی کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکے۔ ہرمن پریت کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔