ممبئی// موسم سے متعلق پریشانیوں کے پیش نظر ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جمعہ کو رائل چیلنجرز بنگلورو بمقابلہ سن رائزرز حیدرآباد کے گھریلولیگ میچ کو لکھنؤ میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ پلے آف میچز میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
بی سی سی آئی نے آئی پی ایل 2025 کے پلے آف وینیوز کے طور پر احمد آباد اور ملّانپور میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملّانپور میں 29 مئی کو پہلا کوالیفائر اور اگلے دن ایلیمینیٹر مقابلہ کھیلا جائے گا۔ جبکہ احمد آباد یکم جون کو دوسرے کوالیفائر اور تین جون کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔ آر سی بی کو 27 مئی کو اپنا آخری لیگ میچ بھی لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ایکانا اسٹیڈیم میں ہی کھیلنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بنگلورو میں جمعرات تک شدید بارش کی پیش گوئی اور اورنج الرٹ جاری ہونے کے باعث پروگرام میں تبدیلی کی گئی۔ آر سی بی کو آج دوپہر پروگرام میں تبدیلی کی اطلاع دی گئی اور انہیں حیدرآباد کے خلاف میچ کے لیے لکھنؤ میں ہی رکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایسا مانا جا رہا ہے کہ پروگرام میں تبدیلی سے آر سی بی کو ٹاپ دو پوزیشنز میں رہ کر پلے آف میں داخلے کا بہتر موقع ملے گا۔