سرینگر//
وسطی ضلع بڈگام میں پولیس نے ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تین دہشت گرد معاونین کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بڈگام پولیس نے ماگام علاقے میں واقع کاؤسہ نارہ بل کے مقام پر تین دہشت گردمعاونین جن کی شناخت مزمل احمد، اسحاق پنڈت ساکنان اگلر پٹن اور منیر احمد ساکن میر پورہ بیروہ کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ گرفتار شدگان کے قبضے سے ایک پستول اور ایک دستی بم سمیت قابل اعتراض اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔
پولیس نے اس ضمن میں ماگام پولیس تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر۶۶؍اور یو اے پی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ افراد کا تعلق سرگرم لشکر طیبہ دہشت گرد عابد قیوم لون ولد عبد القیوم لون ساکن ووسن پٹن سے تھا‘ جو۲۰۲۰ میں پاکستان فرار ہو گیا تھا اور وہاں جا کر لشکر طیبہ میں شامل ہو گیا۔
پولیس کے مطابق عابد اس وقت پاکستان سے سرگرم ہے اور مقامی نوجوانوں کو دہشت گردی کی راہ پر گامزن کرنے ، انہیں دہشت گردی کے لیے تیار کرنے اور ضلع بڈگام کے نارہ بل گام علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے لیے ہدایات جاری کر رہا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد معاونین اسی کے اشارے پر سرگرم عمل تھے اور ان کا مقصد علاقے میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینا اور مقامی نوجوانوں کو دہشت گرد صفوں میں شامل کرانا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔