جموں//
جموں کے جنگلاتی علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔سلامتی عملے نے ادھم پور سے لے کر راجوری، پونچھ، کشتواڑ اور کٹھوعہ تک کئی مقامات پر وسیع آپریشن شروع کر رکھا ہے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تین مطلوب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کو مکمل محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔
ادھم پور ضلع کے گھنے جنگلات سے فرار دہشت گردوں کے ممکنہ راستوں پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ، جبکہ کشتواڑ کے چھاترو، راجوری کے تریاتھ، کٹھوعہ کے لکھن پور اور پونچھ کے لسانہ جیسے حساس علاقوں میں بھی تلاشی مہم کا دائرہ وسیع تر کیا گیا ہے ۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار اور آئی جی پی بھیم سین تُتی کی صدارت میں ضلع ڈوڈہ میں ایک اہم سیکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف اضلاع کے پولیس اور فوجی افسران نے شرکت کی، جہاں حالیہ واقعات کے تناظر میں مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جموں صوبے کے کٹھوعہ، ادھم پور اور کشتواڑ اضلاع میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران سات انکاؤنٹر ہو چکے ہیں، جن میں پانچ دہشت گرد اور پانچ سیکورٹی اہلکار مارے گئے ۔
حکام کے مطابق دہشت گرد چھوٹے چھوٹے گروپوں میں منقسم ہو کر پہاڑی علاقوں میں پناہ لے رہے ہیں اور ان کی تلاش کیلئے مخصوص حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے ۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر نزدیکی پولیس یا فوجی کیمپ کو دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مقامی تعاون دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے نہایت ضروری ہے ۔