نئی دہلی// سپریم کورٹ نے 25 اپریل کو منعقد ہونے والے بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے 70ویں مشترکہ مسابقتی مین امتحان پر روک لگانے سے بدھ کو صاف انکار کردیا۔
جسٹس دیپانکر دتا اور منموہن کی بنچ نے اس سلسلے میں پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے بعد یہ حکم دیا۔
بنچ نے گزشتہ سال 13 دسمبر 2024 کو منعقد ہونے والے 70 ویں مشترکہ مسابقتی ابتدائی امتحان کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا الزام لگانے والی درخواستوں کو خارج کر دیا، جس میں 25 اپریل 2025 کو منعقد ہونے والے اس کے مین امتحان کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بنچ نے یہ حکم تمام امیدواروں کے لیے دوبارہ امتحان کے انعقاد کا جواز پیش کرنے کے لیے حتمی ثبوت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے دیا۔ عدالت نے یہ حکم تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد دیا۔
پٹنہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں امتحان منسوخ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی امتحانی مراکز میں بے ضابطگیوں کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ملا۔ اس کی وجہ سے بی پی ایس سی کو مین امتحان منعقد کرنے کی اجازت دی گئی۔
عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی قیادت والی بنچ نے 13 دسمبر 2024 کو منعقدہ بی پی ایس سی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اس کے نتیجے میں احتجاج کرنے والے امیدواروں پر پولیس کی کارروائی سے متعلق ایک علیحدہ درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس وقت عدالت نے عرضی گزاروں سے پٹنہ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے لئے کہا تھا۔
ابتدائی امتحان میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد بڑھتے ہوئے تنازعہ کے درمیان، بی پی ایس سی نے 4 جنوری 2025 کو پٹنہ کے 22 مراکز پر منتخب امیدواروں کے لیے ابتدائی امتحان کا دوبارہ انعقاد کیا تھا۔ دوبارہ منعقد ہونے والے امتحان کے لئے اہل 12,012 امیدواروں میں سے 8,111 نے اپنے امتحان کے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کیے اور 5,943 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے ۔