نئی دہلی// دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ دہلی اسمبلی کو ‘زندہ ورثہ سائٹ’ کے طور پر ڈیویلپ کیا جائے گا۔
مسٹر وجیندر گپتا کی صدارت میں منگل کو منعقدہ میٹنگ میں اسمبلی کی عمارت کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی اسمبلی کو ‘زندہ ورثہ سائٹ’ کے طور پر تیار کیا جائے گا، جو ہندوستان میں جمہوری حکمرانی کے نظام کی ترقی اور دہلی کے ثقافتی ورثے کی علامت بن جائے گی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ عوام کو اسمبلی کمپلیکس کا دورہ کرنے کا موقع دیا جائے ، خاص طور پر ویک اینڈ پر، تاکہ وہ ہماری جمہوریت کی تاریخی بنیاد سے براہ راست جڑ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس اس کثیر جہتی ہیریٹیج ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا آغاز ہے جس میں اسمبلی کمپلیکس کے ڈھانچے کا جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے تفصیلی لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ اس کا مقصد اسمبلی کی تاریخی اہمیت کو ملک اور دنیا میں تسلیم کرانا ہے ۔
اس پہل کے تحت اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے ) تین ہفتوں کے اندر ایک مطالعاتی رپورٹ پیش کرے گا۔ پروجیکٹ کی پیش رفت پر نظر رکھنے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں آئی جی این سی اے ، نیشنل آرکائیوز، دہلی میونسپل کارپوریشن، دہلی قانون ساز اسمبلی سکریٹریٹ اور مختلف ماہرین کے نمائندے شامل ہوں گے ۔
اجلاس میں ورثے کو زندہ کرنے کے لیے اسمبلی احاطے میں شاندار لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اس کی تاریخی اور جمہوری میراث کو دکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسمبلی کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم بھی تیار کی جائے گی۔ مستقبل میں یہاں ایک میوزیم بھی قائم کیا جائے گا جس میں اسمبلی کے شاندار ورثے کو محفوظ اور نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔