میری ترجیح جموںکشمیر میں پہلے سے جاری منصوبوں کو مکمل کرنا اور ترقی کی جاری رفتار کو برقرار رکھنا ہے:وزیر اعلیٰ
کٹھوعہ//
وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کی ترقی جموں و کشمیر حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان تعاون میں مضمر ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بات مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور مقامی نمائندوں کے ساتھ کٹھوعہ میں ایک نئے کثیر المنزلہ میونسپل پارکنگ کمپلیکس کا مشترکہ افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
اس تقریب میں ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن، کٹھوعہ، جسروٹا، ہیرا نگر اور بنی حلقوں کے ممبران اسمبلی، کمشنر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہاں سے میں جموں و کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کی ترقی اس حقیقت میں مضمر ہے کہ جموں و کشمیر حکومت اور مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے بہتر مستقبل کیلئے مل کر کام کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ پینے کا صاف پانی، بجلی، بہتر سڑکیں، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم جیسی ضروری خدمات کی فراہمی ان کی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
عمرعبداللہ نے کہا ’’میں جموں کشمیر کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے شہریوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے‘‘۔
گورننس میں تسلسل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ میری ترجیح پہلے سے جاری منصوبوں کو مکمل کرنا اور ترقی کی جاری رفتار کو برقرار رکھنا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کی یاد میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ذریعہ ایک بڑے پروجیکٹ کے اعلان کا بھی اعتراف کیا۔ ’’میں جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میری حکومت اس وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مرکزی حکومت کی مکمل حمایت کرے گی۔ ہم ایسا عالمی معیار کا انفراسٹرکچر بنائیں گے کہ ایک دن لوگ ٹی وی پر آئی پی ایل میچ دیکھنے کے بجائے انہیں جموں و کشمیر میں براہ راست دیکھیں گے‘‘۔
عمرعبداللہ نے شہریوں سے نئی افتتاح شدہ سہولت سے استفادہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’براہ مہربانی اس پارکنگ کمپلیکس کا استعمال کریں ۔ یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آپ کی گاڑی صاف اور محفوظ رہے۔ آئیے ہم سب اس جدید انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھائیں‘‘۔
اس موقع پر تقریر میں ڈاکٹر جتندر سنگھ نے پارلیمنٹ میں تیسری مدت کیلئے حلف برداری کو کٹھوعہ کے تیزی سے شہری ارتقاء کی علامت قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے سول سوسائٹی، انتظامیہ اور والدین کے ساتھ مل کر مشترکہ جدوجہد پر زور دیا۔
وزیر اعظم آفس میں وزیر مملکت اور عبداللہ عبداللہ نے مشترکہ طور پر پنجاب کی سرحد سے متصل کٹھوعہ کے گیٹ وے قصبے میں پارکنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا، جو اس خطے کو ایک سوئے ہوئے قصبے سے جدید شہری مرکز میں تبدیل کرنے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
دہلی میں اپنے اہم وعدوں کے باوجود اس تقریب میں وزیر اعلی کی موجودگی کو سنگھ نے مرکز اور ریاست کے تعاون کا اشارہ قرار دیا۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان کی یہاں موجودگی وزیر اعظم نریندر مودی کے وڑن کے تحت جموں و کشمیر کو مشترکہ طور پر ترقی دینے کیلئے ریاست اور مرکز کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
مرکزی وزیر نے افتتاح کو کٹھوعہ کے تیز رفتار شہری ارتقا ء کی علامت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ایک قصبہ جو کبھی ذاتی گاڑیوں سے ناآشنا تھا اب اسٹرکچرڈ کار پارکنگ حل کا مطالبہ کرتا ہے۔
ان کاکہنا تھا’’ایک وقت تھا جب پورے شہر میں صرف تین گاڑیاں نظر آتی تھیں جن میں سے ایک ڈپٹی کمشنر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ایگزیکٹو انجینئر کی ہوتی تھی۔ آج ہم نجی گاڑیوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ایک مکمل پارکنگ سہولت کا افتتاح کر رہے ہیں‘‘۔
مرکزی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نئی پارکنگ سہولت ان متعدد تبدیلی کے منصوبوں میں سے ایک ہے جنہوں نے گزشتہ دہائی میں کٹھوعہ کا منظر نامہ بدل دیا ہے۔
سنگھ نے کہا کہ وندے بھارت ٹرینیں چلانے سے لے کر کٹھوعہ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے، حلقہ میں تین میڈیکل کالج قائم کرنے، بائیوٹیک پارک کا آغاز کرنے اور انجینئرنگ اور ہومیوپیتھی کالج کی تعمیر تک، اس خطے میں عوامی بنیادی ڈھانچے میں زبردست تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔