جموں//
جموں کشمیر میںبی جے پی کے سربراہ رویندر رینا نے منگل کو کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے پیچھے ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی پاکستانی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔
جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں رینا نے کہا کہ جموں کشمیر ہندوستان کا تاج ہے اور تین دہائیوں سے پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردی کا شکار ہے۔ ان کاکہنا تھا’’چونکہ پاکستان کو ہماری افواج کے ہاتھوں (پراکسی جنگ میں) شکست کا سامنا ہے، اس لیے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے لیے ٹارگٹ کلنگ اور لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش رچی گئی‘‘۔
رینا نے کہا کہ جموں اور کشمیر کے لوگ امن کے خواہاں ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کی طرف سے اسپانسر شدہ دہشت گردی کو کافی دیکھا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ ہمارے پاس کافی رواداری ہے اور بے گناہوں کی ہلاکتوں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے پیچھے ان تمام ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعہ سختی سے نمٹا جائے گا۔
بی جے پی کے یونٹ صدر نے ’قوم پرست اور امن پسند لوگوں‘ سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ان کاکہنا تھا’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کریں۔ یہ ہماری ثقافت اور ہمارے آباؤ اجداد کی تعلیمات ہیں اور ہمیں اپنی قوم کو مضبوط کرنے کے لیے متحد ہونا ہو گا اور ان عناصر کو منہ توڑ جواب دینا ہو گا جو گندی سیاست کر رہے ہیں‘‘۔
رینا کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کا سمن کوئی سیاسی انتقام گیری نہیں ہے اور نہ ہی سرکار کو اس کے ساتھ کوئی سروکار ہے ۔
رینہ نے کہا کہ یہ نیشنل ہرالڈ معاملے میں درج ایک پرانے کیس کی انکوائری چل رہی ہے ۔
بتادیں کہ کانگریس نے پیر کے روز ای ڈی کی طرف سے راہل گاندھی کی طلبی کے خلاف ملک گیر احتجاج درج کئے تھے اور جموں و کشمیر کی دونوں دارلحکومتوں سرینگر اور جموں میں بھی کانگریس کارکنوں نے احتجاج درج کیا تھا۔
بی جے پی کے یونٹ صدر نے کہا کہ راہل گاندھی کے خلاف ای ڈی کا سمن کوئی سیاسی انتقام گیری نہیں ہے ۔انہوں نے کہا’’نیشنل ہرالڈ معاملے میں جو فنڈس کا گھوٹالہ ہوا ہے اسی سلسلے میں یہ سمن جاری کیا گیا ہے ‘‘۔
رینا کا کہنا تھا’’ای ڈی نے اس سے پہلے بھی سونیا گاندھی جی اور راہل گاندھی جی کے خلاف سمن جاری کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے ‘‘۔انہوںنے کہا کہ یہ کوئی سیاسی انتقام گیری نہیں ہے اور نہ ہی سرکار کا اس کے ساتھ کوئی لینا دینا ہے ۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس معاملے میں ای ڈی نے کئی سال پہلے کیس درج کیا تھا جس کی انکوائری چل رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا’’کانگریس کارکنوں کو بہت زیادہ تکلیف ہو رہی ہے قانون سب کے لئے برابر ہے چاہئے وہ کوئی غریب مزدور ہو یا گاندھی نہرو خاندان کا کوئی فرد ہو‘‘۔
رینا نے کہا کہ قانون سے کوئی بری نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے گھوٹالہ کیا ہوگا تو سزا بھگتنی پڑے گی اگر نہیں کیا ہوگا تو وہ بری ہوں گے ۔