چنڈی گڑھ// الیکشن کمیشن نے بدھ کوتمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے میڈیا نوڈل افسروں، سوشل میڈیا نوڈل افسران اور تعلقات عامہ کے افسروں کے لیے انڈیا انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ (آئی آئی آئی ڈی ای ایم)، نئی دہلی میں ایک روزہ اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا۔
جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد انتخابی عہدیداروں اور میڈیا کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اور پہلے سے طے شدہ اقدامات کو آگے بڑھانا تھا، جس میں ملک بھر کی 28 ریاستوں اور آٹھ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے میڈیا عہدیداروں نے شرکت کی۔ پنجاب سے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر (اے سی ای او) ہریش نیر اور انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن آفیسر نریندر پال سنگھ جگدیو نے شرکت کی۔
اورینٹیشن پروگرام کا مقصد قانونی فریم ورک – جیسے عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 اور 1951، الیکٹورل لسٹ رولز 1960، الیکشن رولز 1961 اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ وقتاً فوقتاً جاری کردہ رہنما خطوط کے تحت – مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے معلومات اور علم کو پھیلانے ، غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور ووٹر کی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے ایک موثر مواصلاتی حکمت عملی تیار کرنا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے انتخابی عمل میں میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے موجودہ ڈیجیٹل دور میں انتخابی نظام پر ووٹروں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے حقائق پر مبنی، بروقت اور شفاف ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے اہلکاروں کو اس سمت میں زیادہ فعال ہونے کی ضرورت ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پہل کرنے کی ضرورت ہے کہ درست، حقائق پر مبنی معلومات ووٹرز تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غلط خبر، کنفیوژن یا افواہ کا مقابلہ صرف اور صرف سچی، درست اور حقائق پر مبنی معلومات کے ذریعے کیا جا سکتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ملک بھر کے میڈیا حکام کو مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کا منظم اور بامعنی استعمال کرنا چاہیے ۔