لاہور//کپتان نگار سلطانہ (101) اور شرمین اختر (ناٹ آؤٹ 94) کی شاندار بلے بازی کے بعد جنت الفردوس اور فہیمہ خاتون (پانچ وکٹ) کی مہلک گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے جمعرات کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں تھائی لینڈ کو 178 رن سے شکست دے دی۔
272 رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری تھائی لینڈ کی بلے باز بنگلہ دیش کی جنت الفردوس اور فہیمہ خاتون کی بولنگ کا زیادہ دیر تک مقابلہ نہ کر سکیں اور ان کی پوری ٹیم 28.5 اووروں میں 93 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ تھائی لینڈ کی جانب سے چنیڈا ستھیروانگ نے سب سے زیادہ 22 رن بنائے۔ نٹیا بوچتھم (17) اور نارومول چائیوائی (15) رن بناکر آؤٹ ہوئی۔ تھائی لینڈ کی آٹھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے جنت الفردوس اور فہیمہ خاتون نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل آج تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کاآغاز اچھا نہیں رہا، اس نے 15 کے سکور پر اسما تنظیم (آٹھ) کو کھو دیا۔ اس کے بعد شرمین اختر بیٹنگ کے لیے آئیں اور فرغانہ ہاک کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 96 رن کی شراکت ہوئی۔ اونیچا کامچومفو نے 28ویں اوور میں اس شراکت کو توڑا جب انہوں نے فرغانہ ہاک (53) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان نگار سلطانہ بیٹنگ کے لیے آئیں اور تیزی سے رن بنائے۔ انہوں نے شرمین اختر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 152 رن جوڑے۔ شرمین اختر نے 126 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے (ناٹ آؤٹ 94) رن بنائے۔ نگار سلطانہ نے 80 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101 رن بنائے۔ وہ 50ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئیں۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اووروں میں تین وکٹ پر 271 رن بنائے۔
تھائی لینڈ کی جانب سے اونیچا کامچومفو، فنیتا مایا اور تھیپاچا پوتھوانگ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔