جموں/۲۷ مارچ
جموں کے کٹھوعہ ضلع کے جوتھانا کے سفین جنگلاتی علاقے میں جمعرات کو جاری جھڑپ میں تین ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ اتنی ہی تعداد میں سیکورٹی فورسز کے جوان بھی مارے گئے۔
دریں اثنا جموں و کشمیر پولیس (جے کے پی) کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اور ایک پیرا کمانڈو سمیت چار سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایس ڈی پی او بارڈر کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی وائی ایس پی) دھیرج کٹوچ، جنہیں معمولی چوٹیں آئی تھیں، ٹھیک ہیں جبکہ دیگر تین سیکورٹی اہلکار شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔
آپریشن میں ہلاک ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں میں ڈی وائی ایس پی کٹوچ کے ایس پی او بھی شامل ہیں۔ ان کی شناخت طارق احمد ولد کبیر حسین ساکن ریاسی ‘ جسونت سنگھ ولد انگریز سنگھ ساکن لونڈی ہیرا نگر اور بلوندر سنگھ ولد پریم سنگھ ساکن کننا چک کٹھوعہ کے طور پر ہوئی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ تازہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز نے کٹھوعہ ضلع کے راج باغ پولیس اسٹیشن کی حدود میں جوتھانا علاقے کے سفین جنگل میں آج صبح ملی ٹنٹوں کے ایک گروپ کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران تین سیکورٹی اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ تین دیگر سیکورٹی اہلکار کانسٹیبل بھرت چلوترا ، ایس پی او ہیپی شرما اور گرجندر سنگھ نائک 1 پیرا ایس ایف شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چلوترا کو جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا تھا، ہیپی جی ایم سی کٹھوعہ میں زیر علاج تھا جبکہ گرجندر سنگھ کو ہوائی جہاز کے ذریعے لے جایا جا رہا تھا۔
شدید فائرنگ میں تین ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے افسر نے کہا”جاری آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے تین دہشت گردوں کو بھی مار گرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کی نعشیں ابھی تک نہیں نکالی گئی ہیں کیونکہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے“۔
ایس ڈی پی او دھیرج کوتوال کو بھی اس کارروائی میں معمولی چوٹیں آئیں۔ اس کے باوجود وہ اپنی چوٹوں کے علاج کے بعد ٹھیک ہیں۔