لندن//
برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ نے کہا کہ یہ جمعہ کو تمام دن بند رہے گا کیونکہ قریبی الیکٹریکل سب سٹیشن میں آتش زدگی سے بجلی معطل ہو گئی ہے۔ اس واقعے سے تمام دنیا کے لیے پروازوں کے نظام الاوقات میں خلل پیدا ہو گا۔
لندن فائر بریگیڈ نے کہا کہ تقریباً 70 فائر فائٹرز لندن کے مغرب میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہیں جس کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ پر وسیع پیمانے پر بجلی بند ہو گئی۔ یہ یورپ کا مصروف ترین اور دنیا کا پانچواں مصروف ترین ایئرپورٹ ہے۔
نارنجی رنگ کے شعلے فضا میں بلند ہوتے نظر آ رہے تھے۔ فائر بریگیڈ نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق کئی پروازوں کا رخ پہلے ہی دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑا جا رہا تھا جن میں قنطاس ایئرویز نے اپنی پرواز پرتھ سے پیرس اور یونائیٹڈ ایئر لائنز نے نیویارک کی پرواز شینن، آئرلینڈ کے لیے روانہ کی تھی۔
امریکہ سے آنے والی بعض پروازیں فضا میں ہی واپس موڑ دی گئیں اور وہ اپنے روانگی کے مقام پر واپس جا رہی تھیں۔
سان فرانسسکو سے یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو لندن کے بجائے واشنگٹن ڈی سی میں اترنا تھا۔ برٹش ایئرویز اور ورجن اٹلانٹک نے بھی پروازوں کا رخ قریبی گیٹ وِک کی طرف موڑ دیا۔
ہیتھرو ایئرپورٹ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "اپنے مسافروں اور ساتھیوں کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے ہیتھرو 21 مارچ کو رات بارہ بجے تک بند رہے گا۔ مسافروں کو ایئرپورٹ کی طرف سفر نہ کرنے کا مشورہ ہے۔”
کئی گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہو گئے۔ فائر بریگیڈ نے کہا، "فائر فائٹرز نے 29 لوگوں کو قریبی املاک سے محفوظ مقام پر پہنچایا ہے اور احتیاطاً 200 میٹر کا علاقہ داخلے کے لیے بند کر دیا کیا گیا ہے جبکہ تقریباً 150 لوگوں کو نکال لیا گیا ہے”۔
ہیتھرو کے ایک ترجمان نے ایک ای میل میں رائٹرز کو بتایا کہ آگ بجھانے والا عملہ حادثے کا جواب دے رہا تھا لیکن اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی کہ بجلی کب قابلِ اعتماد طریقے سے بحال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں ایئرپورٹ کے امور میں خلل کی توقع ہے۔
پورے یورپ میں ہوائی ٹریفک کنٹرول آپریشنز کا انتظام کرنے والے یورو کنٹرول نے اپنی آپریشنز ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ہیتھرو میں بجلی کی بندش کے باعث کسی کو آمد کی اجازت نہیں ہے اور پروازوں کے رخ موڑنے کے منصوبے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق ہیتھرو دو رن وے والا دنیا کے ایک مصروف ترین ایئرپورٹ ہے جہاں روزانہ تقریباً 1300طیاروں کی پرواز اور لینڈنگ ہوتی ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے ترجمان ایان پیٹچینک نے کہا، "ہیتھرو دنیا کے بڑے مراکز میں سے ایک ہے۔ اس حادثے سے تمام دنیا میں ایئر لائنز کے آپریشنز میں خلل پیدا ہو گا۔”