ممبئی//ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یوجویندر چہل اور کوریوگرافر دھنشری ورما میں طلاق ہو گئی ہے۔
بامبے ہائی کورٹ کے حکم پر یوجویندر چہل اور دھنشری ورما کی طلاق کا فیصلہ جمعرات کو باندرہ فیملی کورٹ میں سنایا گیا۔ یوجویندر چہل کے وکیل نتن کمار گپتا نے اپنے بیان میں کہا کہ یوجویندر اور دھنشری میں طلاق ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یوجویندر چہل دھنشری ورما کو 4.75 کروڑ روپے دیں گے۔ اس کی تقریباً 2,37,50,000 روپے کی پہلی قسط ادا کر دی گئی ہے۔ دونوں جون 2022 سے الگ رہ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ چار سال بعد باضابطہ طور پر الگ ہو گئے ہیں۔ یوجویندر اور دھنشری کی شادی دسمبر 2020 میں ہوئی تھی۔
یوجویندر اور دھنشری نے اس سال 5 فروری کو فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔ یوجویندر اور دھنشری نے ایک عرضی دائر کی تھی جس میں قانونی طور پر لازمی چھ ماہ کی مدت کو ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی کیونکہ انہوں نے باہمی رضامندی سے طلاق کی درخواست دی تھی۔