لندن// انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن پر گیند بازی کے لیے لگائی گئی پابندی کو ختم کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں تمام مقابلوں اور دی ہنڈریڈ میں دوبارہ گیندبازی کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
بنگلہ دیش کے شکیب کو ستمبر 2024 میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کھیلے گئے میچ میں امپائرز نے ان کے باؤلنگ ایکشن کی شکایت کی تھی۔ ان پر دسمبر میں پابندی عائد کی گئی تھی جب ایک آزادانہ جائزے میں معلوم ہوا کہ ان کا باؤلنگ ایکشن ای سی بی کے ضابطے کی طرف سے منظور شدہ 15 ڈگری کی حد سے زیادہ تھا۔
ایک ماہ بعد ہندوستان میں ان کے باؤلنگ ایکشن کا دوبارہ جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ کے بعد ان پر بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اور انہیں حالیہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
ای سی بی نے تصدیق کی کہ اس ماہ کے شروع میں لاف بورو یونیورسٹی میں ان کے ایکشن کی دوبارہ جانچ سے ظاہر ہوا کہ انہوں نے اپنے عمل میں کافی بہتری لائی ہے۔ جس کے بعد ان پر عائد پابندی ہٹا دی گئی۔