ممبئی//انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں گیند بازوں کو گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ہیڈکوارٹر میں آج گیندبازوں کے ذریعہ گیند پر تھوک کے استعمال کے سلسلے میں بی سی سی آئی کے عہدیداروں اور آئی پی ایل کے کپتانوں کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں کپتانوں کی طرف سے اس عائد پابندی کو ہٹانے پر اتفاق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیاہے۔
قابل ذکر ہے کہ کووڈ-19 وبا کے دوران آئی سی سی نے گیند پر تھوک کے استعمال کی روایت پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے بعد ستمبر 2022 میں آئی سی سی نے اس پابندی کو مستقل طور پر نافذ کر دیا تھا۔ گیند بازوں کو گیند کو چمکانے کے لیے پسینے کے استعمال کی اجازت دی گئی تھی، تاہم کھیل کے اہم کھلاڑیوں نے تھوک کی جگہ مصنوعی مواد کے استعمال کی اجازت دینے کی مانگ کی تھی۔ جسپریت بومرہ نے اس وقت کہا تھا کہ گیند بازوں کے لیے گیند کو چمکانے کے لیے کوئی متبادل ہونا چاہیے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی جیت کے بعد ہندوستانی تیز گیند باز محمد شامی نے صحافیوں کو بتایا کہ "ہم ریورس سوئنگ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔” حال ہی میں، شامی نے آئی سی سی پر زور دیا تھا کہ وہ گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی ہٹائے۔ ہم کھیل میں ریورس سوئنگ حاصل کر سکتے ہیں اور کھیل کو دلچسپ بنا سکتے ہیں۔ دو سابق بین الاقوامی گیند بازوں جیسے ورنن فلینڈر اور ٹم ساؤتھی نے بھی شامی کی حمایت کی تھی ۔