چنڈی گڑھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگ نے منگل کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ-دا’ پارٹی نے اب پنجاب کے تعلیمی نظام کو بھی اپنے سیاسی پروپیگنڈے اور فریب کا پلیٹ فارم بنا دیا ہے ۔
مسٹر چگ نے کہا کہ کیجریوال صاحب، 36 مہینے گزر گئے لیکن آپ نے پنجاب کے لیے ایک بھی نیا کام نہیں کیا، الٹا آپ نے پوری ریاست کا بیڑا غرق کردیا ہے اوراب آپ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔
مسٹر چگ نے پنجاب بورڈ کی 12ویں جماعت کے پولیٹیکل سائنس کے امتحان میں پوچھے گئے سوالات کو لے کر مان حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا، "آٹھ نمبر کا سوال پوچھ رہے ہیں- اے اے پی حکومت کی پالیسیوں کا ذکر کیجئے ۔ اس سوال کا جواب کیا ہوگاَ ؟ پنجاب کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال؟ منشیات کا شکار پنجاب کا جوان؟، یاپھر فنانشل ہیلتھ انڈیکس میں آخری نمبر پر پہنچ چکی پنجاب کی معیشت؟، کیا آپ پنجاب کے بچوں کو شراب گھپلہ کیسے کرنا ہے ، کس طرح غریبوں کا حق مارکر عام آدمی کے ٹیکس کے پیسوں سے شیش محل بنانا ہے ، یہ سکھانا چاہتے ہیں، یا پھر پاٹھ شالہ کی جگہ مدھوشالا’ کیسے کھولنا ہے یہ تعلیم دینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘پنجاب کی خواتین گزشتہ 36 ماہ سے اپنے ایک ہزار روپے کے وعدے کو یاد کر رہی ہیں لیکن مان حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے ۔ ہر روز کوئی نہ کوئی نوجوان نشے کی لت سے اپنی جان گنوا رہا ہے ، ہر سال ہزاروں نوجوان نشے کی وجہ سے برباد ہو رہے ہیں، لیکن مان حکومت طاقت کے نشے میں اس قدر مست ہے کہ سلیبس کا حصہ نہ ہونے کے باوجود بورڈ کے امتحانات میں ‘اے اے پی کے یوم تاسیس’ جیسے سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔
مسٹر چگ نے مسٹر بھگونت مان پر حملہ کرتے ہوئے کہا، "پنجاب کے طلباء کے مستقبل کو داؤ پر لگانے والی اس طرح کی سستی سیاست کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ واضح ہے کہ کیجریوال کے اشاروں پر ناچنے والی بھگونت مان اور ان کی ‘کٹھ پتلی حکومت’ کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔
انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا، ‘‘مسٹربھگونت مان، جواب دیں – 12ویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں ایسے سیاسی سوالات کیوں پوچھے گئے ؟ کیا آپ کی حکومت کا صرف کام ہی عام آدمی پارٹی کو فروغ دینا رہ گیا ہے ؟ مسٹر اروند کیجریوال، تعلیم پر سیاست کرنا بند کریں، ورنہ پنجاب کے لوگ آپ کو منہ توڑ جواب دیں گے ۔