نئی دہلی// کانگریس نے دہلی کی ایکسائز پالیسی پر کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے کا خیرمقدم کیا ہے ، لیکن کہا ہے کہ اسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے ذریعہ عام کیا جانا چاہئے اور اس کی جانچ ہونی چاہئے ۔
کانگریس کے صدر دیویندر یادو اور سینئر لیڈر سندیپ دیکشٹ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے سی اے جی کی 14 رپورٹوں میں سے صرف ایک کو اسمبلی میں پیش کیا ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) شراب پالیسی گھوٹالے میں ملوث ہے ، اس لیے رپورٹ کو عام کیا جانا چاہیے اور اس گھوٹالے کو سب کے سامنے لایا جانا چاہیے ۔
ایکسائز گھوٹالے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ”کانگریس کو پہلے ہی شک تھا کہ اس پالیسی میں بہت سی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں جس سے حکومت کی آمدنی متاثر ہوگی۔ دہلی پردیش کانگریس نے شراب پالیسی کے سلسلے میں تحقیقاتی ایجنسیوں کو تحریری شکایت بھی کی تھی جس میں بی جے پی کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی تھے ۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ ایکسائز پالیسی سے متعلق تمام 14 رپورٹس اسمبلی میں کیوں پیش نہیں کی گئیں۔ اس رپورٹ کی پی اے سی سے تحقیقات کرائی جانی چاہئے اور جلد از جلد پی اے سی تشکیل دی جائے تاکہ اس رپورٹ کی تحقیقات ہوسکے اور جو بھی بدعنوانی میں ملوث ہے اسے سزا دی جانی چاہئے ۔
کانگریس قائدین نے مطالبہ کیا ‘‘ہمارا مطالبہ ہے کہ ان رپورٹوں کو عوامی بحث میں لایا جائے ۔ بی جے پی کے کچھ سینئر لیڈروں اور اس وقت کے لیفٹیننٹ گورنر کے کردار سے متعلق کچھ اہم سوالات ہیں جنہیں سی اے جی کی رپورٹ میں نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ ایک سال کے اندر تین ایکسائز ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیوں اور کس نے کیا؟ دہلی میں شراب کے نئے برانڈز کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے ، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔
اس وقت کے گورنر نے کیجریوال حکومت کی شراب پالیسی کو نافذ کرنے کی اجازت دی تھی، آج تک اس کی جانچ کیوں نہیں ہوئی؟ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شراب کی دکانیں کھولنے کے لائسنس کیسے دیے گئے ؟
انہوں نے کہا سی اے جی کی رپورٹ کو تین الفاظ میں بیان کیا جا سکتا ہے لوٹ، جھوٹ اور تقسیم۔ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ دہلی کے لوگوں کا پیسہ لوٹا گیا۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت کہتی رہی ہے کہ ہم حکومت کی آمدنی بڑھا رہے ہیں، لیکن سچائی یہ ہے کہ 2002 کروڑ روپے کی لوٹ مار کی گئی۔ اس کے علاوہ ماہرین کی کمیٹی کے مشورے کو بھی نظر انداز کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے لوگ اس لوٹ کے بارے میں کس طرح جھوٹ بول رہے تھے ۔ اب، یہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان اندرونی رسہ کشی ایک بڑی وجہ ہے جس سے اسمبلی میں سی اے جی کی رپورٹ پر بحث نہیں ہو رہی ہے ۔