تو صاحب سب گھبرا گئے ہیں اور اس لئے گھبرا گئے ہیں کیونکہ کشمیر میں امسال موسم سرما … موسم گرما جیسا رہا … نہیں صاحب ہمیں غلط مت سمجھ لیجئے… ٹھنڈ برابر کی تھی…بلکہ پہلے سے بھی زیادہ تھی کہ امسال سرینگر میں کئی دہائیوں کے بعد کم سے کم درجہ حرارت منفی ۵ء۸ ڈگری سینٹی گریڈ تک لڑھگ گیا… لیکن اس کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا … الٹانقصان ہی ہوا … اور اس لئے ہوا کہ ہمیں اور زیادہ ٹھنڈ لگ گئی‘ٹھنڈ سے جڑے مشکلات سے بھی لڑنا پڑا… مزہ تو تب تھا جب ٹھنڈ بھی ہوتی اور بارشیں اور برفباری بھی … لیکن صاحب ایسی ہماری قسمت کہا ں… دسمبر کے آخری ہفتے میںکچھ گھنٹوں کی برفباری ہو ئی اور… اور بس۔ یقینا اس کے بعد بھی کچھ بالائی علاقوں میں بارشیں ہو ئیں ‘ لیکن … لیکن صاحب وہ بھی ناکامی تھی… رہی بارشوں کی بات تو… تو کہنے والوں کاکہنا ہے کہ جنوری اور فروری میں ۸۰ فیصد کم بارشیں ہو ئیں اور… اور اللہ میاں کی قسم یہ ایک بڑی بات ہے اور… اور اس لئے ہے کہ … کہ کہنے والوں کاکہنا ہے کہ … کہ اگر صورتحال یہی رہی تو… تو کشمیر کو خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے… کشمیر میں زراعت اور باغبانی کو نقصان پہنچ سکتا ہے… اور اس سے بڑھ کر پینے کے پانی کی قلت بھی ہو سکتی ہے… ممکنہ پانی کی قلت نے اپنے گورے گورے بانکے چھورے‘عمرعبداللہ کو بھی پریشان کیا ہوا ہے… اور وہ اپنی اس پریشانی کو لوگوں… کشمیر کے لوگوں کے ساتھ شیئر بھی کررہے ہیں… یہ کہہ کر رہے ہیں کہ انہیں سچ میں تشویش ہے‘ فکر ہے اور پریشانی بھی کہ گرما میں کیا ہو گا… ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں کہہ رہے ہیں کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے… یقینا پریشانی کی بات ہے اور… اور اس لئے ہے کیونکہ یہ جو حضرت انسان ہے وہ سنبھل نہیں رہا ہے… بالکل بھی نہیں رہاہے… وہ اپنے پاؤں پر کلہاڑے مارنے پر تلا ہوا ہے اور… اور اپنے اِرد گرد کے ماحول کو تحفظ فراہم کرنے‘ اسے صاف رکھنے ‘ اس کا توازن برقرار رکھنے کیلئے کچھ نہیں کررہا ہے… اسے تحفظ دینے کے بجائے اسے نقصان پہنچا رہا ہے… اور پھر واویلا بھی کررہا ہے… لیکن… لیکن صاحب اس پریشان کن صورتحال کے باوجود بھی ہم کہہ رہے ہیں… آپ سے کہہ رہے ہیں کہ گھبرائیے مت کہ … کہ وہ جو اوپر بیٹھا ہے … ہم سب کا مائی باپ وہ جانتا ہے … یہ جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے اور… اور کیا نہیں اور… اور اللہ میاں کی قسم اللہ جو جانتا ہے ‘ کوئی اور نہیں جانتا ہے ‘ کوئی اور نہیں جان سکتا ہے… بالکل بھی نہیں جان سکتا ہے ۔ ہے نا؟